Wednesday 27 February 2013

گوگل کا کروم او ایس ان چند پی سی آپریٹنگ سسٹمز میں سے ایک جو آج آگے کی جانب گامزن ہے۔ جب گوگل درمیانی اور زیادہ قیمت کے زمروں میں مقابلہ جیتنے میں ناکام رہا، تو اس نے ابتدائی زمرے میں قدم جمانے کی کوشش کی جو کامیاب بھی رہی۔ سام سنگ کی کروم بک بڑے پیمانے پر کامیاب رہی جیسا کہ گوگل متعدد بار کہہ چکا ہے۔
کروم بک پکسل کے ساتھ گوگل نے اپنی سابقہ حکمت عملی کو لیپ ٹاپس میں ایک مرتبہ پھر نافذ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ریٹینا ڈسپلے کی حامل ایپل کی میک بک پرو کے برابر کی قیمت رکھنے والے کروم بک پکسل کے ابتدائی ماڈل کی قیمت 1299 ڈالرز ہے۔ اس قیمت میں یہ ڈوئیل کور 1.8 گیگاہرٹز انٹیل کور آئی5 پروسیسر، 4جی بی ریم، 32 جی بی ایس ایس ڈی اسٹوریج اور انٹیل ایچ ڈی 4000 گرافکس پیش کرتا ہے۔
لیکن اس کی خاص خوبی ٹچ اسکرین ہے۔ 12.85 انچ کی اسکرین مارکیٹ میں موجود کسی بھی لیپ ٹاپ کے مقابلے میں سب سے زیادہ پکسل ڈینسٹی دیتی ہے یعنی 239 پی پی آئی اور ریزولیویشن بھی 2560 ضرب 1700 پکسلز۔ اسے گوریلا گلاس کا تحفظ بھی حاصل ہے اور 4.3 ملین پکسلز کا حامل ہے۔
اسکرین کا دلچسپ 3:2 تناسب اسے تقریباً چوکور بنا دیتا ہے جو اب بہت کم ہی دیکھا جاتا ہے۔
کنیکٹیوٹی کے لیے کروم بک پکسل 2 یو ایس بی 2.0 پورٹس، بلوٹوتھ 3.0، ڈوئیل بینڈ وائی فائی، ایس ڈی کارڈ سلاٹ، ہیڈفون جیک اور منی ڈسپلے پورٹ رکھتی ہے۔ سامنے کے رخ پر 720 پکسل کا ویب کیم موجود ہے اور صارفین کو 3 سالوں کے لیے 1 ٹیرابائٹ گوگل ڈرائیو کلاؤڈ اسٹوریج بھی ملے گی جو بلاشبہ بہت بڑی گنجائش ہے۔
کروم بک کوئیک آفس کے ساتھ آئے گی اور تمام کروم بکس کی طرح صارفین کو گوگل سروسز بھی استعمال کرنے کی اجازت دے گی۔
لیپ ٹاپ بذات خود پریمیم مواد کا بنا ہوا ہے۔ ایناڈائزڈ المونیم سے بنی کروم بک پکسل بیک لٹ کی بورڈ اور گلاس ٹچ پیڈ رکھتی ہے اور یہ سب انتہائی پیچیدہ انڈسٹریل ڈیزائن کی حامل ہیں۔ کل تین مائیکروفونز وڈیو کالز کے معیار کو بہت بہتر بناتے ہیں۔ سوراخ چھپے ہوئے ہیں، اسکروز ظاہر نہیں اور اسٹیریو اسپیکرز بھی بیک لٹ کی بورڈ کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
لیپ ٹاپ 59 ڈبلیو ایچ کی بیٹری سے لیس ہے جو لیپ ٹاپ کو 5 گھنٹے تک چلا سکتی ہے۔ ان خصوصیات کو دیکھتے ہوئے یہ با آسانی کہا جا سکتا ہے کہ کروم بک پکسل اب تک کا سب سے بہتر کروم او ایس لیپ ٹاپ ہے، اوروہ بھی ایسا کہ اس کا کوئی دور دور تک مقابل نہیں۔
1449ڈالرز کی قیمت کے حامل کے بھرپور ایل ٹی ای ورژن کا بعد میں اجراء ممکن ہے اور سستے وائی فائی ماڈل 1299 ڈالرز میں ابھی سے دستیاب ہیں۔ ایک سوال جو یہاں اٹھتا ہے کہ یہ لیپ ٹاپ کون سی کمپنی بنا رہی ہے کیونکہ گوگل نے اب تک بنانے والے کا نام ظاہر نہیں کیا۔لیکن پھر بھی یہ سوال اتنا بڑا نہیں جتنا کہ آگے والا سوال ہے۔
حقیقی سوال یہ ہے کہ کون ونڈوز 8 الٹرا بک یا میک بک پرو مع ریٹینا ڈسپلے پر اس لیپ ٹاپ کو ترجیح دے گا جو ویب پر براؤزنگ سے زیادہ کچھ نہیں کرتا۔ مجھے معلوم ہے کہ کروم او ایس صلاحیت رکھتا ہے لیکن کم از کم اس وقت نہیں اور اس قیمت پر تو بالکل نہیں۔ اگر اس کی قیمت اس قدر زیادہ نہ ہوتی تو کروم بک پکسل ممکنہ طور پر مارکیٹ میں لیپ ٹاپس کے لیے بہت بڑا حریف بن سکتا تھا۔ 

0 comments:

Post a Comment