Friday, 22 February 2013

Allah! An Entity To Accept Prayers

Posted by Unknown on 19:12 with No comments
             اللہ،ایک دعائیں قبول کرنے والی ہستی

یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے کہ اللہ رب العزت اپنے تمام بندوں کی، خواہ وہ نیک ہوں یا گناہگار،عالم ہوں یا جاہل سب کی دعائوں کو سنتا ہے اور انہیں قبول کرتا ہے۔ اپنے اللہ رب العزت سے براہ راست بغیر کسی واسطے سے مانگنے والوں کو وہ محروم نہیں کرتا۔

میری زندگی میں کئی بار ایسے مشاہدات اور تجربات ہوئے کہ میں نے نوٹ کیا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ ہماری دعائوں کو قبول کرنے کے حالات پیدا کردیتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ دعاقبول ہوجاتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایک دن صبح سویرے مجھے اپنے خاندان کی ایک بیوہ خاتون کے بارے میں خیال آنا شروع ہوا کہ نجانے ان کے کیا حالات ہوں گے وہ کیسی ہوں گی۔وہ میری دور کی رشتہ دار ہیں اور کافی مدت پہلے بیوہ ہوگئیں۔میں ان کے بارے میں سوچتا رہا اور اپنے آپ کو ملامت بھی کرتا رہا کہ میں نے ان کو کتنی مدت ہوئی فون نہیں کیا۔نہ ہی ان کے حالات دریافت کیے ہیں۔

ذہن میں آیا کہ اگر ان کی طرف سے فون آیا، کوئی فرمائش ہوئی یا انھیں میری کسی مدد کی ضرورت ہوئی تو میں انشاء اللہ اسے ضرور پوری کرنے کی کوشش کروں گا۔ عصر کے بعد ان کا فون آگیا کہ ’’میں کتنے دنوں سے سوچ رہی تھی کہ تمھیں فون کروں ۔دراصل مجھے کچھ مالی مدد درکار ہے۔‘‘ میں نے فورا پوچھا ’’ہاں ہاں بتائیے‘‘ اور پھر اسی وقت میں نے ان کی ضرورت پوری کرنے کی حامی بھرلی۔فون بند ہوا تومیں نے کہا ’’واہ میرے رب تو کتنا مہربان اور شفقت کرنے والا ہے۔ تو کیسے کیسے اسباب بناتا ہے۔آج صبح تونے پہلے میر ے دل میں یہ خیال ڈالا اور ذہنی طور پر مجھے اس کی مدد کے لیے تیار کیا اور پھر شام تک اس کا کام بھی کرادیا۔اس کے بقول وہ کئی روز سے سوچ رہی تھی اور دعا کر رہی ہوگی کہ اللہ تعالیٰ اس کے کام کا سبب بنا دے۔ بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے سچ فرمایاہے:

{وَقَالَ رَبُّکُمُ ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَکُمْ} ’’تمہارے رب نے حکم دیا ہے: مجھے پکارو میں تمہاری دعائوں کو قبول کرنے والا ہوں‘‘۔

0 comments:

Post a Comment