Monday, 25 February 2013

The brief circumstances of caliphs

Posted by Unknown on 07:31 with No comments
خلفاء راشدین کے مختصر حالات

 (۱) خلیفہ اوّل حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ
آپ کا اسم گرامی عبد اللہ اور لقب صدیق و عتیق ہے۔ حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت مبارکہ سے دو سال چند ماہ بعد مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ اپنی قوم کے بہت بڑے دولت مند اور صاحب مروت تھے۔ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے اور سب سے پہلے حضو ر صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی۔ آپ نے اسلام لانے کے وقت سے دم آخر تک حضور کی صحبت سے فیضاب رہے اور بلا اجازت حضور سے کہیں جدا نہ ہوئے۔ حضور کے ساتھ ہجرت کی اور اپنے اہل و عیال کو خدا اور رسول کی محبت میں چھوڑ دیا۔ اسلام لانے کے بعد اپنا سب کچھ اسلام کی حمایت میں خرچ کر دیا۔
آپ کی شان میں بہت آئیتں اور بکثرت حدیثیں وارد ہیں جن سے آپ کے فضائل جلیلہ معلوم ہوتے ہیں۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ ابو بکر کی محبت اور ان کا شکر میری تمام امت پر واجب ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد جب مسئلہ خلافت درپیش ہوا تو باتفاق رائے آپ کو خلیفہ منتخب کیا گیا۔ آپ کا زمانہ خلافت سب مسلمانوں کے لیے ظل رحمت ثابت ہوا۔ ۷جمادی الاخریٰ ۱۳ ؁ ھ بروز دو شنبہ کو آپ نے غسل فرمایا، دن سر د تھا، بخا ر آگیا ، آخر کار ۱۵ روز کی علالت کے بعد ۲۲ جمادی الاخریٰ شب سہ شنبہ کو ۶۳سال کی عمر میں آپ نے رحلت فرمائی۔ آپ نے دوسال اور سات ماہ کے قریب خلافت کے فرائض انجام دئیے۔

(۲) خلیفہ دوم حضرت فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ
آپ کا اسم گرامی عمر ، کنیت ابو حفص اور لقب فاروق ہے۔ آپ عام فیل کے تیرہ برس بعد پیدا ہوئے۔ آپ اشراف قریش سے ہیں۔ نبوت کے چھٹے سال ۲۷ سال کی عمر میں مشرف بہ اسلام ہوئے۔ اسلام لانے کے بعد آپ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت سے مسلمانوں کو ہمراہ لے کر اعلان و شوکت کے ساتھ مسجد حرام میں داخل ہوئے۔ آپ کے مسلمان ہونے سے اسلام کی قوت و شوکت بڑھی، مسلمان نہایت مسرور ہوئے اور کافروں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ انھیں بہت صدمہ تھا ۔
آپ کی فضیلت میں بہت سی حدیثیں وارد ہیں۔ ایک حدیث میںہے کہ آسمان کا ہر فرشتہ حضرت عمر کی توقیر کرتا ہے اور زمین کا ہر شیطان ان کے خوف سے لرزتا ہے۔ حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا میں اس سے بری و بیزار ہوں۔ جو حضرت ابو بکر و عمر رضی اللہ تعالیٰ کا ذکر بدی کے ساتھ کرے۔
صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی بیماری میں حضرت مولیٰ علی اور دوسرے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے مشورے سے آپ کو اپنے بعد خلافت کے لیے نامزد فرمایا۔ ماہ جمادی الاخریٰ میں آپ نے امور خلافت کا انتظام اپنے ہاتھ میںلیا اور دس سال چند ماہ امور خلافت کو انجام دیا۔ اس دس سالہ خلافت کے ایام میں دنیا عدل و انصاف سے بھرگئی۔ اسلام کی برکات سے عالم فیض یاب ہوا۔ فتوحات بکثرت ہوئیں اور ہر طرف اسلام کا چرچا ہونے لگا۔ ذی الحجہ ۲۳؁ھ میں آپ ابو لؤ لؤ مجسوسی کے ہاتھ سے شہید ہوئے اور روضۂ انور میں پہلوئے صدیق میں مدفون ہوئے آپ کی عمر شریف ۶۳ سال تھی۔

(۳) خلیفہ سوم حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
آپ کا اسم گرامی عثمان بن عفان ہے۔ آپ کی ولادت عام فیل سے چھٹے سا ل ہوئی۔ آپ کو اسلام کی دعوت حضرت صدیق اکبر نے دی۔ آپ کے نکاح میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیاں حضرت رقیہ اور پھر حضرت ام کلثوم آئیں۔ آپ کے سوا دنیا میں کوئی اور شخص نظر نہیں آتا جس کے نکاح میں کسی نبی کی دو صاحبزادیاں آئی ہوں۔ اسی لیے آپ کو ذوالنورین کہا جاتا ہے۔
آپ بہت حسین و خوبرو تھے۔ آپ کے فضائل میں بکثرت احادیث وارد ہیں جن سے آپ کی شان اور بارگاہِ رسالت میں آپ کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ روز اسلام سے روز وفا ت تک کوئی جمعہ ایسا نہ گزرا کہ آپ نے کوئی غلام آزاد نہ کیا ہو۔
امیر المومنین عمر فاروق اعظم نے اپنے آخر عہد میں ایک جماعت مقرر فرما دی تھی اور خلیفہ کا اتنخاب شوریٰ پر چھوڑ اتھا۔ کثرت رائے آپ کے حق میں ہوئی اور آپ باتفاق مسلمین خلیفہ ہوئے اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دفن سے تین رو ز بعد آپ کے دست حق پر بیعت کی گئی۔ ۱۲ سال امور خلافت انجام فرما کر ۲۵؁ھ میں شہادت پائی۔ آپ کی عمر ۸۲ سا ل کی ہوئی۔ 

(۴) خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضی کرم اللہ وجہہٗ
آپ کا نام نامی علی، کنیت ابو الحسن اور ابو تراب ہے۔ آپ نو عمروں میں سب سے پہلے اسلام لائے۔ حضرت صدیق اکبر ؓ کی طرح آپ نے کبھی بت پرستی نہیں کی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی خاتون جنت کے ساتھ آپ کا عقد نکاح ہوا۔ آپ کی ہیبت و دبدبہ سے آج بھی جواں مرداں شیر دل کانپ جاتے ہیں ۔ کروڑوں اولیائے کرام آپ کے چشمۂ علم و فضل سے سیراب ہو کر دوسروں کی رشد ہ ہدایت کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سادات کرام اور اولاد رسول علیہ السلام کا سلسلہ پروردگار عالم نے آپ سے جاری فرمایا۔ آپ کے فضائل بہت زیادہ ہیں۔ آپ کے حق میں بہت سی آئیتں نازل ہوئیں حدیث میں ہے کہ آپ کا دیکھنا عبادت ہے۔
امیر المومنین عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے دوسرے روز مدینہ طیبہ میں تمام صحابہ نے جو وہاں موجود تھے۔ آپ کے دست مبارک پر بیعت کی۔ ۳۶؁ھ میں جنگ جمل کا واقعہ پیش آیااور صفر ۳۷؁ھ میں جنگ صفین ہوئی جو ایک صلح پر ختم ہوئی۔ اس وقت خارجیوں نے سر کشی کی اور آپ نے ان کا قلع قمع فرمایا۔ ابن ملجم خارجی نے جمعہ مبارکہ ۱۷ رمضان المبارک ۴۰؁ھ میں آپ کو شہید کر دیا۔ آپ نے تقریباً ۶۵ سال کی عمر پائی اور چار سال ۹ ماہ امور خلافت کو سرانجام دیا۔

0 comments:

Post a Comment