Wednesday 27 March 2013

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں دو ہزار سولہ کے اولمپکس کے ایتھلیٹکس مقابلوں کے لیے بنائے گئے ایک سٹیڈیم کو منہدم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسے کچھ دن قبل غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

اس سٹیڈیم کو بند کرنے کی وجہ اس سٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے میں پائے جانے والے مسائل اور نقائص بتائے گئے ہیں۔

ریو ڈی جنیئرو کے میئر ایڈوارڈو پائیس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے زواؤ ایوالانژ سٹیڈیم کو منگل کے روز بند کرنے

کا فیصلے کیا تھا کیونکہ اس بات کا خطرہ تھا کہ سٹیڈیم کی چھت کہیں گر نہ جائے مگر اس خطرے کی وجوہات کا اندازہ لگانے کے لیے

مزید جائزوں کی ضرورت ہے کہ آخر یہ مسئلہ کیوں پیدا ہوا۔

ریو کے میئر نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ تین جائزوں میں سے سب سے آخری جائزہ آنے کے بعد کیا جو کہ اس سٹیڈیم کے ڈھانچے کے بارے میں تھے۔

پائیس نے برازیل کے گلوبو ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ ’ہمارا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے اور ان جائزوں میں کہا گیا تھا کہ سٹیڈیم میں خطرہ ہے اس لیے ہم نے اسے بند کر دیا۔‘

میئر کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں لکھا گیا تھا کہ اس سٹیڈیم کی چھت ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں گر سکتی ہے۔

زواؤ ایوالانژ سٹیڈیم جو کہ برازیلین شہر ریو ڈی جنیئرو میں چھ سال قبل ہی تعمیر کیا گیا تھا اور اسے ریو ڈی جنیئرو میں فٹ بال کھیلنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

اسی طرح میریکانہ سٹیڈیم بھی اگلے سال منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے مرمت کے عمل سے گزر رہا ہے۔

ریو کے دوہزار سولہ اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اس سٹیڈیم کے بند ہونے کے باوجود انہیں اعتماد ہے کہ سٹیڈیم اولمپکس کے لیے تیار ہو گا۔

میئر ایڈوارڈو پائیس نے کہا کہ ’اگر اس عمل میں مہینہ لگا تو ایک مہینے تک یہ سٹیڈیم بند رہے گا، اگر ایک سال لگا تو ایک سال تک بند رہے گا۔‘

"ہمارا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے اور ان جائزوں میں کہا گیا تھا کہ سٹیڈیم میں خطرہ ہے اس لیے ہم نے اسے بند کر دیا۔ اگر اس عمل میں مہینہ لگا تو ایک مہینے تک یہ سٹیڈیم بند رہے گا، اگر ایک سال لگا تو ایک سال تک بند رہے گا۔"
ریو ڈی جنیئرو کے میئر ایڈوارڈو پائیس

اس سٹیڈیم کو چھ سال قبل تعمیر کیا گیا تھا جس میں دو ہزار سات کے پین امیرکن کھیلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے یہ مقامی فٹ بال کلب بوٹافوگو کو پٹے پر دیا گیا ہے۔

اس سٹیڈیم میں ایتلھیٹکس کے مقابلے ہوں گے مگر ریو اولمپکس کی افتتاحی اور اختتامی تقریب شہر کے مریکانہ سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

اس سٹیڈیم پر ایک کثیر رقم خرچ کی گئی تھی اور معاہدے پر اختلافات کی وجہ سے تعمیر کرنے والی کمپنی اس منصوبے کو تکمیل سے پہلے ہی چھوڑ گئی تھی۔

ایڈوارڈو پائیس نے کہا کہ چھت میں موجود مسائل کی وجہ تعمیراتی کمپنی کی ناقص تعمیر ہے اور اس کے لیے ان کمپنیوں کو زمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ اس کے برعکس اگر منصوبے میں ہی خامی نکلی تو پھر ریو کی مقامی حکومت اس پر اٹھنے والی اخراجات کو ادا کرے گی۔

اس سٹیڈیم کا بند ہونا برازیل کے لیے ایک اور شرمندگی ہے اور یہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب برازیل آنے والے سالوں میں بڑے عالمی مقابلے منعقد کرنے جا رہا ہے۔

حکام نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ میریکانہ سٹیڈیم کی مرمت کے لیے پیسے کی کمی ہے اور اس کی وجہ سے تاخیر بھی ہو رہی ہے۔

اسی میریکانہ سٹیڈیم میں اب تک کے منصوبے کے مطابق عالمی فٹ بال کپ کا افتتاحی مقابلہ کھیلا جانا ہے۔

یاد رہے کہ برازیل میں دو ہزار چودہ کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جو کہ بارہ جون سے تیرہ جولائی دو ہزار چودہ کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔

یہ دوسری بار ہو گا کہ برازیل فٹ بال کے عالمی مقابلوں کا میزبان بنے گا جو اس سے پہلے انیس سو پچاس میں ان مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اسی طرح دو ہزار سولہ کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں منعقد ہوں گے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

0 comments:

Post a Comment