طویل عرصے تک گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے روح رواں رہنے والے
اینڈی روبن نے 8 کامیاب سالوں کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کی جگہ
سندر پچائی لیں گے، جو پہلے ہی کروم براؤزر اور کروم او ایس سمیت متعدد
چیزوں پر کام کر رہے ہیں۔
روبن اس وقت کے دنیا کے سب سے بڑے اسمارٹ فون آپریٹنگ سسٹم کی کامیابی
کے پیچھے کلیدی شخصیت ہیں اور وہ ایپل اور کارل زائس سمیت ٹیکنالوجی کی
دنیا کے متعدد بڑے اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
یہ اعلان گوگل کے سی ای او لیری پیج کی جانب سے گوگل کے آفیشل بلاگ پر
کیا گیا۔ پیج لکھتے ہیں کہ “سرگئی اور میں نے پہلی بار 2004ء میں اینڈرائیڈ
کے بارے میں سنا، جب اینڈی روبن گوگل کے دورے پر آئے تھے۔ ان کا ماننا تھا
کہ ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم کے گرد معیارات مرتب کرنا موبائل انڈسٹری
میں جدت کو تحریک دے گا۔ زیادہ لوگوں نے سمجھا کہ یہ بے وقوف ہے۔ لیکن ان
کی بصیرت نے دل کے تاروں کو ہلا دیا کیونکہ اس وقت موبائل ڈیوائسز کے لیے
سروسز بنانا بہت مشکل تھا۔”
وہ منظرنامے سے مکمل طور پر غائب نہیں ہو رہے۔ “اینڈرائیڈ کے لیے دیکھے
گئے عجیب و غریب خوابوں کی تکمیل سے کہیں آگے کی منزل پانے – اور اب اس
مقام پر ایک بہت ہی مضبوط قائدانہ ٹیم موجود ہونے—کی وجہ سے اینڈی نے فیصلہ
کیا کہ ا ب باگ ڈور کسی اور کے حوالے کرنے اور گوگل میں نئے باب کا آغاز
کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ اینڈی، چند مزید کارنامے پلیز!” پیج دراصل مستقبل
میں روبن کے لیے ایک نئے عہدے کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔
اینڈرائیڈ کو روبن اور ان کے دو ساتھیوں کی جانب سے 2003ء میں قائم کیا
گیا تھا۔ یہ مختلف مالی مسائل سے دوچار رہا یہاں تک کہ 2005ء میں اسے گوگل
نے خرید لیا اور یوں روبن گوگل میں آ گئے۔ کامیابی نے جلد ہی ان کے قدم
چومے لیکن بغیر ریکارڈ توڑے۔ گزشتہ دہائی کے آخر میں چہار سو سے داد و
تحسین کے ڈونگرے برسنے لگے جب گوگل نے اپنے فونز میں نئی ٹیکنالوجیز کا
استعمال کرنا شروع کیا اور اپنے ‘نیکسس’ فونز جاری کیے۔ اب تک دنیا بھر میں
750 ملین ڈیوائسز اینڈرائیڈ چلاتی ہیں اور اب تک اینڈرائيڈ کے مارکیٹ پلیس
پلے اسٹور سے 25 ارب ایپس ڈاؤنلوڈ کی جا چکی ہیں ۔
آگے بڑھتے ہوئے لیری پیج اینڈرائیڈ شعبے کے نئے سربراہ کے بارے میں
پرامید ہیں۔ “آگے سندر پچائی کروم اور ایپس میں اپنے موجودہ کاموں کے ساتھ
اینڈرائیڈ کی بھی قیادت کریں گے۔” پیج لکھتے ہیں کہ “سندر ایسی پروڈکٹس
تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو تکنیکی طور پر بہترین اور ساتھ ساتھ آسان
استعمال بھی ہوں – اور وہ بڑے داؤ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر
کروم ہی کو لے لیں، 2008ء میں لوگ پوچھتے تھے کہ دنیا کو ایک اور براؤزر کی
ضرورت ہے بھی یا نہیں۔ آج کروم کروڑوں مطمئن صارفین کا حامل ہے اور اپنی
رفتار، سادگی اور سیکورٹی کی وجہ سے بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ گو کہ اینڈی
کی جگہ پر کرنا کافی مشکل کام ہے، لیکن میں سندر کو جانا ہوں کہ وہ
اینڈرائیڈ کو آگے بڑھانے میں شاندار کام کریں گے۔”
ایک چیز جو روبن کے کاموں میں ہمیشہ ان کی خوبی رہی وہ ان کی جدت طرازی
اور مزاج ہے۔ اب جبکہ وہ اینڈرائیڈ چھوڑ چکے، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آگے
کے لیے وہ کس راہ کا انتخاب کریں گے۔
0 comments:
Post a Comment