سام سنگ کی جانب سے درمیانی قیمت کے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے اجراء کے
بعد ایچ ٹی سی نے بھی اسی زمرے میں ایک نئے اسمارٹ فون ڈیزائر کیو کا
باضابطہ اجراء کر دیا ہے۔
ایچ ٹی سی ڈیزائر کیو دراصل ایچ ٹی سی ڈیزائر یو
کا کچھ ترمیم شدہ ورژن ہے کیونکہ اس میں تقریباً تمام وہی خصوصیات ہیں اور
واحد فرق یہ ہے کہ ڈیزائر کیو ڈوئیل-سم فون ہے جبکہ یو واحد سم تھا۔
فون 114 گرام وزن اور 118.5 ضرب 62.3 ضرب 9.3 ملی میٹر پیمائش، 4.0 انچ
ڈبلیو وی جی اے ایل سی ڈی کیپیسٹو ڈسپلے، 480 ضرب 800 ریزولیوشن اور
اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم کا حامل ہے۔
اندر اس میں 1 گیگاہرٹز سنگل کور پروسیسر اور 512 ایم بی ریم ہے اور
انٹرنل اسٹوریج 4 جی بی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ کے ذریعے 32 جی بی
تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ بیٹری گنجائش 1650 ایم اے ایچ ہے۔
کنیکٹیوٹی کے معاملے میں ایچ ٹی سی ڈیزائر کیو وائی فائی، بلوٹوتھ 4.0،
جی پی ایس اور 3 جی کا حامل ہے۔ واحد کیمرہ پشت پر نصب ہے جو 5 میگا پکسل
مع ایل ای ڈی فلیش ہے، البتہ اس میں سامنے کے رخ پر کیمرہ موجود نہیں، جو
دیگر اسمارٹ فونز کے مقابلے میں ایک واضح کمی ہے۔ فون بیٹس آڈیو برانڈنگ کا
حامل ہے تاکہ آواز کا بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔
اس وقت یہ 699 تائیوانی ڈالرز کی قیمت میں تائیوان میں دستیاب ہے جو
پاکستان کے تقریباً 24 ہزار روپے بنتے ہیں۔ البتہ ایچ ٹی سی کی جانب سے یہ
انکشاف اب تک نہیں کیا گیا کہ یہ دیگر مارکیٹوں کے لیے کب دستیاب ہوگا اور
کس قیمت میں۔
ایچ ٹی سی ڈیزائر کیو کی تکنیکی تفصیلات
- 4.0 انچ ڈبلیو وی جی اے ڈسپلے
- 1 گیگاہرٹز سنگل کور پروسیسر
- 512 ایم بی ریم
- 4 جی بی انٹرنل اسٹوریج، مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے 32 جی بی تک کا اضافہ کیا جا سکتا ہے
- پشت پر 5 میگا پکسل کا کیمرہ
- 3 جی، وائی فائی، بلوٹوتھ 4.0، جی پی ایس
- بیٹس آڈیو ٹیکنالوجی
- اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ
- 118.5 ضرب 62.3 ضرب 9.3 ملی میٹر
- 114 گرام
- 1650 ایم اے ایچ
0 comments:
Post a Comment