ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر کی تلاش کےلیے ہونے والے ‘یوفون-پی سی بی
کنگ آف اسپیڈ’ ٹرائلز ہفتے کو ملتان اور گڑھی خدا بخش اور اتوار کو فیصل
آباد میں منعقد ہوئے۔ پہلے مرحلے کے یہ ٹرائلز یوفون اور پی سی بی کے
مشترکہ منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ پاکستان کے باصلاحیت ترین باؤلرز کو تلاش کر
کے ان کی تربیت کی جا سکے۔
عطاء اللہ اور عامر یامین وہ خوش نصیب باؤلر تھے جو ملتان میں ہونے والے
ٹرائلز کے بعد منتخب ہوئے۔ گڑھی خدا بخش کے ٹرائلز سلیم جعفر، توصیف احمد
اور محمد زبیر نے کیا جنہوں نے اگلے مرحلے کے لیے واجد علی اور محفوظ احمد
کا انتخاب کیا۔
فیصل آباد کے ٹرائلز اعجاز احمد جونیئر اور تنویر شوکت نے دو تجزیہ
کاروں عثمان ہاشمی اور نبیل ایڈگر کے ساتھ کیے۔ ٹرائلز میں نوجوانوں کی بڑی
تعداد نے حصہ لیا اور انتہائی سخت مقابلے میں سے دو خوش نصیبوں فیصل یاسین
اور رانا عادل کا انتخاب ہوا۔
پہلے مرحلے میں انتخاب کے بعد یہ نوجوان باؤلرز اگلے مرحلے کے لیے
کوالیفائی کر چکے ہیں جو 21 اپریل 2013ء بروز اتوار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی
اور قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں ہوں گے۔
رواں ماہ میں بقیہ شہروں میں بھی ٹرائلز ہوں گے جن میں کل یعنی 15 کو
کراچی اور اسلام آباد، 16 کو پشاور، 17 کو کوئٹہ اور ایبٹ آباد، 18 کو
میرپور، آزاد کشمیر اور آخر میں 20 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔ کل 20 تیز
باؤلرز، یعنی ہر شہر میں سے 2، اگلے مرحلے میں شرکت کریں گے۔
ابھرتے ہوئے باؤلر کے لیے یوفون نے ایک ملین روپے کا اعلان کیا ہے جو ان
میں سے سب سے تیز ہوگا یا 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکے
گا۔
متعدد باؤلرز کی جانب سے اس رفتار تک پہنچنے کی صورت میں یہ رقم ان میں یکساں تقسیم ہوگی۔
0 comments:
Post a Comment