Tuesday, 23 April 2013

اینڈرائیڈ میں ایسی سروسز اور ایپس تیزی سے بڑھ رہی ہیں جو بیٹری بہت زیادہ کھاتی ہیں – یوں ایک اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کی بیٹری دن کے اختتام تک بھی برقرار نہیں رہ پاتی۔
چند افراد اپنے کم استعمال کے باعث ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد بیٹری کو 16 سے 24 گھنٹے تک چلا لیتے ہیں۔ لیکن آپ نے اسمارٹ فون اس لیے نہیں خریدا کہ بجائے استعمال کرنے کے اسے جیب میں رکھیں۔
اس لیے سوال یہ ہے کہ استعمال پر سمجھوتہ کیے بغیر اینڈرائیڈ فونز کی بیٹری لائف کیسے بڑھائی جائیں۔
سچ بتاؤں تو ایسا ممکن نہیں ہے کہ بیٹری لائف بڑھانے کے تمام ممکنہ طریقے استعمال کرنے کے بعد آپ کو ایک اضافی دن کی بیٹری مل جائے – البتہ چند چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے آپ چند گھنٹوں کی بیٹری لائف بچا سکتے ہیں۔
اس مضمون میں ہم بتانے کی کوشش کریں گے کہ اینڈرائیڈ ڈیوائس پر بیٹری کی زندگی کو کیسے بڑھایا جا سکتا ہے۔

کم ایپس کم بیٹری خرچ:

آپ کی اینڈرائیڈ ڈیوائس پر جتنی کم ایپس ہوں گی آپ اتنی ہی بیٹری حاصل کر سکیں گے۔ یہ بیٹری بچانے کا سب سے بہتر طریقہ ہے۔ ان تمام غیر ضروری ایپس کو ٹھکانے لگائیں جو آپ نے کبھی انسٹال کی تھیں لیکن استعمال کی نوبت کبھی نہیں آئی – انہیں فوری طور پر حذف کریں۔
ایسی ایپس پس منظر میں چلتی رہتی ہیں اور ڈیوائس کی ریم بھی کھاتی ہیں اور اسے سست بھی کر دیتی ہیں۔ ان ایپس کو ڈیلیٹ کرنے سے آپ کو یقیناً مزید بیٹری لائف ملے گی۔
اگر آپ کی اینڈرائیڈ ڈیوائس روٹ کی ہوئی ہے تو ان ایپس کو بھی ڈیلیٹ کر دیں جو ڈیوائس کے ساتھ اسٹاک ایپس کی صورت میں آئی تھیں، جیسا کہ اینٹی وائرس ایپس جو ہمیشہ آپ کو پریمیم پیکیج خریدنے کا کہتی رہتی ہیں اور خریدنا بھی نہیں چاہتے۔ ان ایپس کو روٹ فائل مینیجر انسٹال کر کے اور سسٹم فائلز میں داخل ہو کر ڈیلیٹ کریں۔ یہ کافی آسان ہے۔

بیٹری بچانے والی ایپس انسٹال کرنا:

یہ بیٹری بچانے والی ایپس ایسی پروفائلز یا موڈز رکھتی ہیں جس میں وہ وائی وائی، جی پی ایس، موبائل ڈیٹا، سنک وغیرہ کے درمیان ٹوگل کر سکتی ہیں۔ یہ خودکار طور پر ایسی چیزوں کو بند اور کھولتی ہیں جو بیٹری کو ضایع کرتی ہیں۔آپ پلے اسٹور میں با آسانی ایسی بیٹری بچانے والی ایپس تلاش کر سکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ پر ٹاسک کلنگ ایپس کا استعمال:

پلے اسٹور میں کئی ایپس اب دستیاب ہیں جو ٹاسک کلرز کے نام سے جانی جاتی ہیں۔ ایسی ایپس پس منظر میں چلنے والی ایپس کو کل کرتی ہیں جو میموری پر دباؤ کو کم اور یوں بیٹری کو بچاتی ہیں۔ ان میں سے چند خودکار ہیں اور جبکہ کچھ مینوئل۔ آپ ٹاسک کو مخصوص وقت پر کل کرنے کی سیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔ آپ کے پاس جتنی میموری ہوگی آپ کی ڈیوائس اتنی برق رفتار ہوگی اور تیزی سے ردعمل دکھائے گی اور بیٹری بھی بچائے گی۔

ضرورت نہ ہو تو وائی فائی کو ڈس ایبل کر دیں:

جب وائی فائی استعمال نہ کر رہے ہوں تو اسے بند کردینا بیٹری بچانے کا ایک زبردست طریقہ ہے۔ آپ جہاں بھی جائیں وائی فائی علاقے میں موجودہ وائی فائی سگنل کی نئی فہرست تلاش کرتا رہتا ہے، یہ مزید بیٹری کھاتا ہے۔ اپنے گھر یا دفتر کے وائی فائی پر کنکٹ ہوتے ہوئے بھی یہ بیٹری کو ضایع کرتا ہے، اس لیے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ضرورت نہ ہو تو اسے ڈس ایبل کر دیا جائے۔

ضرورت نہ ہو تو جی پی ایس بند کر دیں:

استعمال میں نہ ہو تو جی پی ایس بند کر دیں۔ جی پی ایس گوگل میپس یا سائی جک وغیرہ جیسے نقشے استعمال کرتے ہیں۔ ایسی ایپس آپ کی لوکیشن تلاش کرنے اور نقشوں پر آپ کے مقام کا اندازہ لگانے کے لیے جی پی ایس استعمال کرتی ہیں۔ فیس بک بھی اسٹیٹس، تصاویر یا وڈیوز پوسٹ کرتے ہوئے آپ کی لوکیشن کو ظاہر کرنے کے لیے اسے استعمال کرتا ہے۔ حتیٰ کہ کیمرہ بھی جیو-ٹیگنگ کے لیے جی پی ایس استعمال کرتا ہے۔ یہ بہت اچھی خصوصیات ہیں لیکن بیٹری کو مزید کھپاتی ہیں، اس لیے اسے بچانے کے لیے ڈس ایبل کر دینا چاہیے۔

ضرورت نہ ہو تو موبائل ڈیٹا بند کر دیں:

موبائل ڈیٹا وائی فائی سے بھی زیادہ بیٹری کو پیتا ہے اور ضرورت نہ پڑنے پر اسے ڈس ایبل کرنا بیٹری بچانے کا بہت اچھا طریقہ ہے۔

نیٹ ورک موڈ میں 2جی کا انتخاب:

سیٹنگز/وائرلیس اور نیٹ ورکس/موبائل نیٹ ورکس/نیٹ ورک موڈ میں جائیں اور یہاں جی ایس ایم اونلی کا انتخاب کریں۔ کیونکہ پاکستان میں ہمارے پاس صرف جی ایس ایم ہے – گو کہ ہم 3جی کے انتظار میں تڑپ رہے ہیں لیکن جب تک وہ آئے – تب تک سیٹنگز میں یہ تبدیلی بیٹری کو بچائے گی۔

وال پیپر کے ذریعے بیٹری بچائیں:

لائیو وال پیپر بیٹری کو ضایع کرنے کے ساتھ ساتھ ایپس کھولنے جیسے عمل کو سست کرتے ہیں۔ لائیو وال پیپر دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتے ہیں لیکن بیٹری بچانے کے خواہشمند افراد کے لیے ‘نوگو ایریا’ ہیں۔ سادہ وال پیپر لگائیں جو بیٹری بچائے گا۔
سپر ایمولڈ یا ایل ای ڈی بیک لائٹ اسکرین پر سیاہ یا گہرے رنگوں کے وال پیپر کا استعمال بیٹری کو مزید بچاتا ہے۔

سنک اور اپلوڈنگ کو صرف وائی فائی کے ذریعے کھولیں:

فائلز کی سنکنگ اور بڑی فائلوں کی ڈاؤنلوڈنگ صرف وائی فائی کے ذریعے ہو کیونکہ اس کے ذریعے یہ عمل کم وقت لے گا اور بیٹری کی کھپت بھی کم ہوگی۔ ڈراپ بکس، گوگل ڈرائیو، اسکائی ڈرائیو وغیرہ جیسی ایپس، ایسے آپشن رکھتی ہیں کہ آپ تصاویر یا وڈیوز کو براہ راست اپلوڈ کر سکتے ہیں- اس آپشن کو منتخب نہ کریں۔ اس کے بجائے صرف اسی وقت ڈیٹا اپلوڈ یا سنک ہو جب وائی فائی سے کنکٹ ہو کا انتخاب موزوں ہوگا۔

غیر ضروری ویجٹس ڈیلیٹ کر دیں:

ویجٹس بھی بیٹری کو ضایع کرتے ہیں کیونکہ یہ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے کے لیے چلتے رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر فیس بک ویجٹ نئی پوسٹس ظاہر کرتا ہے اور اس کے لیے وہ پس منظر میں وائی فائی یا موبائل ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے چلتا رہتا ہے اور بیٹری کو ضایع کرتا ہے۔ کم ویجٹس کا استعمال آپ کی بیٹری لائف کو بڑھانے میں مدد دے گا۔

کم برائٹ نیس اور اسکرین ٹائم آؤٹ کا استعمال:

کم برائٹ نیس کا استعمال آپ کی بیٹری کو بچانے میں مدد دے گا۔ اینڈرائیڈ میں ایک وقت میں آپ جتنے فیچرز استعمال کریں گے بیٹری اتنی ضایع ہوگی۔ آپ مشاہدہ کریں گے کہ کم برائٹ نیس پر بیٹری کی واضح طور پر بچت ہوگی۔ گھر کے اندر استعمال کرتے ہوئے برائٹ نیس کو 30 سے 40 فیصد تک رکھیں جبکہ سورج کی براہ راست روشنی پڑنے پر زیادہ برائٹ نیس کا استعمال کریں۔ کم اسکرین ٹائم آؤٹ کا استعمال بھی بیٹری بچاتا ہے، 30 سیکنڈ سے 1 منٹ تک کے اسکرین ٹائم آؤٹ کو منتخب کریں، اس سے زیادہ نہیں۔

گہری تھیمز کا استعمال:

اگر دستیاب ہوں اور ممکن ہو تو اپنے فونز پر گہرے رنگ کی تھیمز کا استعمال کریں۔ اس کا مقصد سفید اور روشن رنگوں کو آپ کے ڈسپلے پر کم سے کم کرنا ہے۔ یاد رکھیں: کوئی بھی چیز جو روشن ہوگی وہ زیادہ بیٹری پیے گی۔

سی پی یو کی رفتار کو انڈر کلاک کرنا:

جن افراد نے اپنی اینڈرائیڈ ڈیوائس کو روٹ کیا ہوا ہے وہ میسیجنگ، کالنگ وغیرہ جیسے سادہ سے کاموں کے لیے سی پی یو رفتار کو کم کر سکتے ہیں۔ انڈر کلاکنگ بیٹری کو بہت زیادہ بچاتی ہے اور ڈیوائس کو ٹھنڈا بھی رکھتی ہے۔ انڈرکلاکنگ بھاری بھرکم گیمز کھیلتے ہوئے ڈیوائس کی رفتار کو کم تو کرتی ہے لیکن آپ ضرورت پڑنے پر اسے اوورکلاک بھی کر سکتے ہیں۔

ڈیوائس کو ٹھنڈا رکھیں:

آپ نے دیکھا ہوگا کہ کوئی بھاری 3ڈی گیم یا وڈیو اسٹریمنگ یا کوئی اور زیادہ سی پی یو استعمال کرنے والے بھاری بھرکم کام کرتے ہوئے ڈیوائس گرم ہو جاتی ہے، ایسی صورتحال میں بیٹری بہت تیزی سے خرچ ہوتی ہے۔ ڈیوائس کو ٹھنڈا رکھنے سے بیٹری بچتی ہے۔ آپ کچھ دیر کا وقفہ لے کر ڈیوائس کو ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں۔

0 comments:

Post a Comment