Thursday, 11 April 2013


آم کا لذیذ حلوہ
آج کل
آم کا موسم ہے اور ہر چھوٹا بڑا بڑے شوق اور بڑی رغبت سے اس نعمت سے محظوظ ہوتا نظر آتا ہے ۔ آم پھلوں کا بادشاہ ہے ۔ سننے میں اگرچہ یہ بات عجیب لگے لیکن ایک بار کھا کر دیکھیں۔ بے ساختہ کہہ اٹھیں گے کہ واقعی بادشاہ ہے۔ آم کے استعمال کے کئی طریقے رائج ہیں جن میں ذائقہ اور غذائیت دونوں بھرپور ملتے ہیں۔ آم کاٹ کر کھا لیں ، مینگو شیک بنا لیں، جوس بنا کر رکھ لیں اور استعمال کرتے رہیں، آم کا مربہ بنا لیں جو کہ کچے آم کا ہوتا ہے یا پھر آم کا حلوہ بنا لیں اور سویٹ ڈش کی صورت میں ڈبل مزے لیں۔ آج ہم آم کا حلوہ بنانے کی ترکیب پیش کریں گے تا کہ آپ کی سویٹ ڈشز کی فہرست میں ایک اہم اضافہ ہو۔
ترکیب و اشیائے ضروریہ

آم ۔ چار عدد درمیانے درجے کے

چینی ۔  ایک پیالی سے کچھ زیادہ

سوجی۔ ایک پیالی

کھویا۔ ایک پیالی

بادام ۔ حسب ذائقہ

پستے ۔  حسب ذائقہ

الائچی  ۔  حسب ذائقہ

کوکنگ آئل  ۔  حسب ضرورت

بنانے کا طریقہ

سب سے پہلے آم اچھی طرح دھو کر ان کو چھیل لیں۔ آم کا گودا گٹھلی سے الگ کر کے اس کے چھوٹے چھوٹے قتلے بنا لیں۔
اس کے بعد سوجی کو اچھی طرح چھان کر ایک پیالے میں ڈالیں اور مائیکرو  ویو اون میں پانچ منٹ تک بھون لیں اس دوران اوون کی سپیڈ بہت ہلکی رکھیں جب سوجی خوشبو دینے لگے تو نکال لیں۔
ساتھ ساتھ  بادام اور پستے کو پانی میں دس منٹ تک بھگو کر رکھیں اور جب نرم ہو جائیں تو موٹے موٹے پیس لیں۔  ایک صاف ستھری کڑاہی میں آم کے ٹکڑے اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر کچھ دیر کے لیے پکنے دیں۔
تھوڑی تھوڑی دیر بعد چمچ ہلاتے رہیں تا کہ آم نیچے نہ لگ جائیں۔ پانچ سے سات منٹ تک یہ عمل جاری رکھیں۔  جب چینی پگھل جائے اور پانی چھوڑنے لگے تو اس میں تھوڑی تھوڑی سوجی ڈالتے رہیں اور ہلاتے رہیں۔
جب ساری سوجی ڈال کر اسے بھون لیں  تو پھر تھوڑی دیر بعد کڑاہی کے کناروں سے تھوڑا تھوڑا تیل ڈالتے رہیں اور چمچہ ہلاتے رہیں۔
جب حلوہ یکجان ہو کر سمٹنے لگے اور تیل علیحدہ ہونے لگے تو اس میں بادام، پستے  اور الائچی ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔  آم کا بہترین حلوہ تیار ہو چکا ہے۔

پیش کرنے کے لیے چاندی کا کاغذ اور خشک میوہ جات کے استعمال سے سجایا جا سکتا ہے ۔

0 comments:

Post a Comment