Thursday 30 May 2013


مردان … مردان میں 9 ماہ کے نعمان میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، رواں سال مردان میں یہ پولیو کا دوسرا کیس ہے۔ دوسری جانب خواتین پولیو ورکرز نے انسدادپولیومہم کے دوران مشکلات کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ضلع مردان میں انسدادپولیومہم کے انچارج ڈاکٹر عبدالوہاب نے جیو نیوز کو بتایا کہ گاوٴں شیخ یوسف کے 9 ماہ کے نعمان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شک تھا، جس پر نعمان کے ٹیسٹ اسلام آباد سے کرائے گئے، اسلام آباد سے آنیوالی ٹیسٹ رپورٹ میں نعمان میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رواں سال مردان میں پولیو وائرس کا یہ دوسرا کیس ہے۔ ڈاکٹر عبدالوہاب نے بتایا کہ نعمان کے والد محمد سبحان نے پولیو مہم کے دوران بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا تھا۔ دوسری جانب آج خواتین پولیو ورکرز نے مردان پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ماہ 4 سے 5 مرتبہ انسداد پولیو مہم چلانے سے مسائل بڑھ گئے ہیں، بار بار پولیو قطرے پلانے سے بچوں کے والدین تنگ آکر پولیو ورکرز کی بے عزتی کرنے پر اترآئے ہیں۔ انہوں نے 3 ماہ سے روکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی کابھی مطالبہ کیا۔

0 comments:

Post a Comment