کراچی: ملک میں
ہونے والے عام انتخابات کےلئے پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے
تک جاری رہے گاجب کہ اس دوران پریزائڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات بھی
حاصل ہیں۔
قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 574عام نشستوں
پر پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی تین
نشستوں پر امیدواروں کے انتقال یا امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر
انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 کروڑ
61 لاکھ سے زائد ہے جن میں 4 کروڑ85 لاکھ سےزائد مرد اور3 کروڑ 75 لاکھ سے
زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 4 کروڑ 93 لاکھ
ووٹرز ہیں جب کہ سندھ میں ایک کروڑ87لاکھ، خیبرپختونخوا میں ایک کروڑ 23
لاکھ، بلوچستان میں33 لاکھ 49ہزار، فاٹا میں 17 لاکھ 51 ہزار اور اسلام
آباد میں 6 لاکھ 21 ہزار افراد آئندہ پانچ سال کےلئے اپنے مستقبل کے
نمائندوں کا انتخاب کررہے ہیں۔
عام انتخابات کو ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے الیکشن قرار
دیا جارہا ہے جس کے لئے 69 ہزار 875 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں
19ہزار 644 حساس جبکہ 12ہزار 716 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے
گئے ہیں تاہم 37 ہزار 515 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی
صورت حال کے باعث پنجاب کے 4 ہزار 463، سندھ میں 4 ہزار 176،
خیبرپختونخواہ میں 2ہزار 142، بلوچستان میں 1ہزار 783 جبکہ وفاق کے زیر
انتظام قبائلی علاقوں میں 134پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیئے گئے ہیں۔
امن وامان کے قیام کے لئے پولیس ، رینجرز، ایف سی اور
خاصہ دار فورس خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ فوج کوئیک رسپانس فورس کے
طورپرعلاقوں میں موجود ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے فوری
طور پر طلب کرلی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ عملے کے لئے ضابطہ اخلاق
بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پولنگ کا عملہ کسی بھی سیاسی جماعت کے
ساتھ نہ تو اپنی وابستگی ظاہرکرے اورنہ ہی کسی بھی سیاسی جماعت کا جھنڈا یا
بیج لگائے، انتخابی عملہ ووٹرزکے ساتھ نرمی کے ساتھ پیش آئے جب کہ
ووٹرزکے لئے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں کہا گیاہے کہ ووٹ ایک قومی
فریضہ ہے اور کسی بھی شخص کواسے دکھاکرکاسٹ کرناغیرآئینی عمل ہے، الیکشن
کمیشن نے ووٹرز کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی ووٹرز نے ووٹ
کارازفاش کیا تو اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت کارروائی کی جائے
گی ۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق اسلحے کی نمائش پر
مکمل طور پر پابندی ہےاور کوئی بھی سیاسی جماعت، انتحابی امیدوار اپنے
خاندان کے علاوہ کسی دوسرے ووٹر کو پولنگ اسٹیشن لانے یا واپس لے جانے کے
لیے کسی بھی ٹرانسپورٹ کا استعمال نہیں کرے گا۔
0 comments:
Post a Comment