ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی میں اضافہ۔
اسلام آباد…
اسلام آباد…
ملک کے مختلف علاقوں اور آزاد کشمیرمیں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں منگل کی شب بادل جم کر برسے۔ گجرانوالہ، فیصل آباد ، ڈیرہ غازی خان ، منڈی بہاء الدین ،گوجرہ ، جھنگ ، ساہی وال اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ بہاول نگر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد اور گرد و نواح میں شہریوں نے ہلکی بارش کا بھرپور لطف اٹھایا۔ خیبر پختون خوا کے علاقوں اپر دیر ، لوئر دیر اور ہزارہ ڈویژن کے کچھ علاقوں میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔ چترال میں بھی مختلف مقامات پر برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ سندھ میں شکار پور ، جیکب آباد اور نواب شاہ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختون خوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری جبکہ مالا کنڈ ، ہزارہ ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ ، ژوب ، قلات ، سبی ، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور گجرانوالہ ڈویژنوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 05 اور استور منفی 03 ریکارڈ کیا گیا ۔
0 comments:
Post a Comment