Sunday, 10 February 2013

لاہور میں میٹرو بس کا افتتاح، شہری ایک ماہ تک مفت سفر کریں گے

لاہور … لاہور میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 27 کلومیٹر لمبے روٹ پر میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا گیا ، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف بھی موجود تھے، بس سروس پر عوام ایک ماہ تک مفت سفر کر سکیں گے۔ فیروز پور روڈ پر نشتر کالونی ڈپو میں افتتاحی تقریب میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، ترک ڈپٹی وزیر اعظم بیکو بز داغ، 20 سے زائد ملکوں کے سفیروں، سفارتی نمائندوں ، ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میٹرو بس غریب مسافروں اور قیمتی گاڑیوں والوں کے درمیان فرق ختم کرے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور ان کے حواری یہ منصوبہ بناتے تو 200 ارب روپے میں بھی مکمل نہ ہوتا ایک ماہ تک مفت سروس چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مسافروں کے قیمتی وقت اور روپے کی بچت کے ساتھ پیدوار میں اضافہ ہوگا۔ ترک نائب وزیر اعظم بیکو بزداغ کا کہنا تھا کہ میٹرو بس پاکستان کے اچھے مستقبل کیلئے بہترین شروعات ہے، ترکی سے مزید سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ میٹرو بس سروس کے آغاز میں شریف برادران سمیت ترک نائب وزیراعظم اور دیگر مہمانوں نے بس میں سفر کیا ، میٹروبس گجومتہ سے شاہدرہ تک کا27کلومیٹرکا فاصلہ55منٹ میں طے کریں گی، اس سے پہلے یہ فاصلہ2گھنٹے سے زائدوقت میں طے ہوتاتھا،بس میں خواتین اور معذوروں کے لیے مخصوص نشستیں ہونگی۔ بوڑھوں،خواتین،بچوں کیلئے الیکٹرانک سیڑھیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ میٹرو بس سروس کے افتتاحی سفر کے دوران بس نمبر 13 کو معمولی حادثہ بھی پیش آیا تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، جمعیت علمائے اسلام ف کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب طلال بگٹی نے بھی شرکت کی ۔

0 comments:

Post a Comment