Wednesday 6 March 2013

کراچی سمیت کہیں بھی سول انتظامیہ نے مدد کیلئے پکارا تو ہر لمحہ تیار ہیں: جنرل کیانی

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کراچی میں بدامنی کے عوامل کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کے روز شہر قائد پہنچ گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں انہیں ،کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ بھی ان دنوں کراچی میں بدامنی کے مقدمہ کی سماعت کر رہی ہے اور عدالت عظمٰی کے چیف جسٹس بھی اسی سلسلہ میں کراچی میں مقیم ہیں۔ کراچی میں روزانہ ایک درجن سے زائد افراد مختلف وارداتوں میں قتل کئے جا رہے ہیں جبکہ چند روز پہلے سانحہ عباس ٹاﺅن نے کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو مزید اُجاگر کیا۔ سپریم کورٹ نے اس واقعہ کا بھی ازخود نوٹس لے رکھا ہے۔ آرمی چیف کے کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اعجاز چودھری نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اعجاز چودھری اس ترقی سے قبل سندھ رینجرز کے ڈی جی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا ہے کہ ملکی سالمیت کا تحفظ فوج کی اولین ذمہ داری ہے، فوج اندرونی و بیرونی تمام خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، ملکی معاشی شہہ رگ کراچی سمیت کہیں بھی سول انتظامیہ نے مدد کے لئے پکارا تو فوج ہر لمحہ تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عباس ٹاﺅن واقعہ سمیت کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے انتہائی افسوسناک ہیں، امن وامان کے قیام کےلئے فوج پوری طرح تیار ہے۔ سول انتظامیہ کے طلب کرنے پر فوج امن و امان کے قیام میں مدد دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے‘ کراچی ملکی معیشت کی شہ رگ ہے‘ فوج ملک کے خلاف تمام اندرونی ‘ بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے‘ ملکی سالمیت کا تحفظ ہمارا فرض اولین ہے ۔ آرمی چیف نے سانحہ عباس ٹاﺅن سمیت شہر میں دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی انتہائی مخدوش صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج امن و امان میں مدد دینے کیلئے تیار ہے۔

0 comments:

Post a Comment