Monday 25 March 2013

اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ آج ڈاکٹر مبشر حسن کی اہم آئینی درخواست کی سماعت کرے گا۔ ڈاکٹر مبشر حسن کی آئینی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کے دوسرے ارکان ، وفاق پاکستان،چیئرمین ایف بی آر ، چیئرمین ایچ ای سی ،گورنر اسٹیٹ بینک ،چاروں صوبائی حکومتوں اور تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں عدالت سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے آخری دنوں میں کیے جانے والے اقدامات کا نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی طرف سے الیکشن سے چند ہفتے پہلے ایک لاکھ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیے جانے ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی طرف سے اربوں روپے کے صوابدیدی فنڈز کے اجرا اور ملکی معیشت سے متعلق فیصلوں اور اہم معاشی اداروں میں کی گئی تقرریوں کا نوٹس لینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سرکاری معاشی ادارے ایک غیر سرکاری شخص انور مجید کے اثر میں ہیں اور انور مجید کے اشارے پر اہم تقرریاں اور تبادلے کیے جاتے ہیں۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے حلف لیا جائے کہ وہ کسی ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہ دیں جو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63پر پورا نہیں اترتا۔

0 comments:

Post a Comment