Tuesday 26 March 2013

Committee

Posted by Unknown on 18:51 with No comments
کمیٹی

ہمارے کمیٹی کے صدر نے باہمی مشاورت سے طے کیا ہوا ھے کہ ہم نے کسی بھی طلاق کو ہونے نہیں دینا ،،، آخری حد تک فریقین کو سمجھانا ھے ، پھر بھی باز نہ آئے تو کیس ایم پی اے کو بھیج دینا ھے ،،
وہ عورت جس نے طلاق کی درخواست دی تھی اسے اور اس کے شوہر کو بلایا گیا ،، وہ دونوں اپنے ایک چھوٹے بچے کے ساتھ آئے ،، بچہ باپ کی گود سے اتر کر زمین پر کھیلنے لگا ،،
اور اس کا باپ اپنی صفائی پیش کرنے لگا ،، اس کی تمام باتیں سن کر اندازہ ہوا کہ وہ اتنا برا نہیں ،، مہنگائی بری ھے ، کم آمدنی بری ھے ،، اس نے کہا ،،صاحب میں جتنا بھی کماتا ہوں سارے پیسے ایمانداری سے اس کو لا کر دے دیتا ہوں پھر بھی یہ مجھ سے خوش نہیں ،، زبان چلاتی ھے ہر وقت مجھے برا بھلا بولتی ھے ،،،
ہاں بھئی تیرا کیا مسئلہ ھے ؟ یہ تو اس طرح کہہ رھے ہیں ؟ خاتون سے دریافت کیا گیا ،،
خاتون نے جب اپنی رام کہانی شروع کی تو کسی طرح ختم ہونے میں نہ آئی ،، اس نے بات کا آغاز وہاں سے کیا جب اس کے گھر بارات آئی تھی ،، پھر اپنے شوہر کیلیئے اس نے کیا کیا قربانیاں دیں ،،کیا کیا دکھ جھیلے وہ سب گنوا دیئے ،،،
مجھے لگا کہ جھگڑے کی آڑ میں درحقیقت وہ اپنا اپنا دکھ بیان کرنا چاہتے ہیں ،، اور ایک دوسرے پر جتانا چاہتے ہیں کہ میں نے کیا نہیں کیا تمہارے لیئے ،،
ھم خاموشی سے سن رھے تھے تاکہ دونوں اپنے دل کی بھڑاس اچھی طرح نکال لیں ،، جب دل کا بوجھ ہلکا ہو جائے گا تو آخر میں صلح کر نے کے سوا کچھ نہیں بچے گا ،،،
بڑی تند مزاجی سے دونوں لڑے ، ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں اور کہیں کہیں تسلیم بھی کیا کہ ہاں تمہاری بات درست ھے ،،
جانے اور کتنی دیر تک یہ تماشا چلتا ،، مگر ہوا یوں کہ ان کا بچہ جو زمین پر کھیل رہا تھا اس نے کچھ کھا لیا شاید کوئی پتھر وغیرہ ،، الٹی کرنے کے انداز میں وہ اوغ ،،،، اوغ ،،کی آوازیں نکالنے لگا ،، اس کے گلے میں کچھ پھنس گيا تھا ،،،
دونوں اپنی لڑائی چھوڑ کر اسکی طرف بھاگے ،،،
ماں نے جلدی سے بچے کی پیٹھ ٹھوکنا شروع کردی ،،، منے کے ابو ؛ وہ چلائی ،،، اس کے گلے میں کچھ پھنس گیا ھے ،،
منے کے ابو کے اپنے چہرے پر ہوائیاں اڑ نے لگی تھیں ،، چل اسے ڈاکٹر کے پاس لے چلتے ہیں جلدی چل ،، وہ بوکھلا کر بولا اور بچے کو اپنی گود میں کھینچتے ہوئے پاس والے کلینک کی طرف بھاگا ،،، عورت اس کے پیچھے پیچھے تھی ،،، اور ھم کمیٹی والے ایک دوسرے کا منہ تاک رھے تھے ،،،
تھوڑی دیر بعد اطلاع آئی کے بچے کو کچھ نہیں ہوا وہ ٹھیک ھے ،، اور دونوں میاں بیوی بچے کو چومتے چاٹتے گھر واپس جا چکے ہیں ،

0 comments:

Post a Comment