Friday, 1 March 2013


پیرس: زلاٹن ابراہیمووک کے دو گولز نے پیرس سینٹ جرمین کو مارسیلی کیخلاف دو، صفر سے کامیابی کے بعد فرنچ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں مدد دی۔
یہ پی ایس جی کی اپنے بڑے حریف کیخلاف چار دنوں میں دوسری جیت ہے جو ایک ہی اسکورلائن سے حاصل کی گئی۔ پی ایس جی نے شروع سے آخر تک میچ پر کنٹرول رکھا۔ ڈیوڈ بیکہم کو متعارف کرانے کے ساتھ کوچ کارلو انسیلوٹی نے اپنی ٹیم میں 8 تبدیلیاں کیں۔
معطلی کی وجہ سے تھیا گو موٹا اور انجری کے سبب مارکو ویراٹی کی عدم موجودگی پر 37 سالہ بیکہم کو سینٹرل مڈ فیلڈ میں ذمے داری نبھانے کے لیے بھیجا گیا۔ ابراہیمووک بلا مبالغہ اس سیزن میں سینٹ جرمین کے بہترین کھلاڑی ثابت ہوئے اگرچہ ان کی حالیہ کارکردگی کو کچھ حلقوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
ان ناقدین کو اس وقت طمانیت محسوس ہوئی جب سویڈن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کھیل کے 15 منٹ بعد کیون گامیرو کے کراس کو ہینڈل نہ کرپائے لیکن جلد ہی 30 گز کے فاصلے سے لگائی جانیوالی شوٹ کو مارسیلی کے گول کیپر نے روک لیا۔ اس کے بعد ابراہیمووک نے پہلے گول کیلیے لوکاس مینڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مارسیلی کی دفاعی لائن عبور کی اور مانڈانا کو مات دیتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا۔
ابراہیمووک نے دوسرا گول پنالٹی پر بناکر ٹیم کو دو، صفر سے کامیاب کیا۔ پی ایس جی کے ساتھ کوارٹر فائنل میں شریک ٹیموں میں لوریئنٹ ، جنھوں نے بریٹانی حریف بریسٹ کو تین ، صفر سے ہرایا، کے ساتھ جیریمی الیاڈیری، بورڈیوکس اور نینسی شامل ہیں۔

0 comments:

Post a Comment