پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ: 33 کھلاڑیوں کے نام فائنل‘ عبدالرزاق‘ عمران نذیر‘ یاسر عرفات‘ حماد اعظم‘ بابر اعظم اعتماد حاصل نہ کر سکے
لاہور (چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے 2013ءکے سنٹرل
کنٹریکٹ کے 33 کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کرکے چیئرمین پی سی بی چوہدری
ذکاءاشرف کو منظوری کے لئے بھجوا دیا ہے۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے
کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لئے سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان جن میں سلیم
جعفر، اظہر خان اور فرخ زمان شامل ہیں سے مشاورت کے بعد کیا۔ ذرائع کے
مطابق نئی سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور شعیب
ملک کو بی کیٹگری جبکہ کامران اکمل اور وہاب ریاض کو سی کیٹگری میں رکھنے
کی سفارش کی گئی ہے جبکہ آل راونڈر عبدالرزاق، عمران نذیر، یاسر عرفات،
حماد اعظم اور بابر اعظم سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے ہیں تاہم
چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کی صوابدید پر ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں کے لئے
کوئی ماہانہ اعزازیہ کا اعلان کرتے ہیں یا نہیں۔ 2013ءکے لئے چیئرمین پی سی
بی ذکاءاشرف کو پیش کی جانے والی فہرست کے مطابق اے کیٹگری میں محمد حفیظ،
مصباح الحق، عمر گل، سعید اجمل، یونس خان۔ بی کیٹگری میں شاہد خان آفریدی،
شعیب ملک، عمر اکمل، اسد شفیق، عمران فرحت، ناصر جمشید اور عبدالرحمان
جبکہ سی کیٹگری میںاظہر علی، کامران اکمل، وہاب ریاض، احمد شہزاد، محمد
عرفان، جنید خان، سہیل تنویر، رضا حسن اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔ سلیکشن
کمیٹی کی جانب سے بعض کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ کے لئے رکھا گیا ہے جس
میں فاسٹ بالر محمد سمیع، خرم منظور، احسان عادل، راحت علی، خالد لطیف،
محمد طلحہ، سمیع اسلم، عثمان قادر اور ضیاالحق شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق
بعض سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کو سفارشیں کرائی گئی ہیں کہ
انہیں ٹاپ کیٹگری میں شامل کیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی قومی ٹیم کے دورہ
جنوبی افریقہ کے اختتام سے قبل کھلاڑیوں کے نئے سنٹرل کنٹریک کی منظوری دیں
گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی کی منظوری سے سنٹرل کنٹریکٹ کی
فہرست میں اضافہ کا بھی امکان ہے کیونکہ چیئرمین پی سی بی بعض نوجوان
کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
0 comments:
Post a Comment