خدارا ! ملک کو بچا لیں‘ ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی : شہبازشریف
لاہور+سیالکوٹ (خصوصی رپورٹر+نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ
ہونہار طلبا و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ سکیم اور اجالا پروگرام کے خلاف بے
بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار
نہیں۔ قوم کے درخشندہ ستاروں میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ اور سولر لیمپس
کی تقسیم کو ووٹ خریدنے کی کوشش قرار دینے والے سیاسی مخالفین پر واضح کر
دینا چاہتا ہوں کہ ان سکیموں کا مقصد ذہین طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی
ہے اور یہ ان کا حق ہے جو پنجاب حکومت انہیں لوٹا رہی ہے۔ وہ مرے کالج
سیالکوٹ میں 1145 طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کے فلاحی پروگرام انتہائی شفاف ہیں
اور مخالفین ان منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی ثبوت نہیں دے سکتے۔
اگر خدانخواستہ کوئی بدعنوانی سامنے آئی تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان
ہوگا۔ اور اگر کوئی متعلقہ محکمہ کرپشن میں ملوث پایا گیا تو ذمہ داروں کو
ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ پسرور میں جلسے سے خطاب میںشہباز شریف نے کہا
ہے کہ زرداری حکومت کی کرپشن سے ملک کی زراعت تباہ ہوئی، کسانوں کے ٹیوب
ویل بند ہوئے، لاکھوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ ملک میں غربت،
بیروزگاری اور مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ ملک کو درپیش تمام مسائل سے
چھٹکارے کے لئے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار
میں لائیں۔ دو سال کے اندر ملک کے اندھیرے دور کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ
نے کیڈٹ کالج پسرور کا افتتاح کیا۔ ایوان اقبال میں دینی مدارس کے طلبہ
میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ
پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دوراہے پر کھڑا ہے، دہشت گردی اور انتہاپسندی
نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ ستم ظریفی ہے کہ قائدؒ کے پاکستان
میں بیگناہ لوگوں کا خون بہایا جا رہاہے۔ مارنے والا بھی مسلمان اور مرنے
والا بھی کلمہ گو ہے۔ اسلام کے نام پر جو قتل و غارت کا بازار گرم ہے وہ
صرف اور صرف تباہی کا راستہ ہے۔ وقت آگیا ہے کہ اپنوں کو گلے لگایا جائے
اور اغیار کے سامنے ڈٹ جائیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے کہاکہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ ایک اللہ، ایک رسول ﷺاور ایک
کتاب کو ماننے والے گروہوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ ہم فروعی مسائل میں گھر کے رہ
گئے ہیں۔ تحمل اور برداشت ختم ہوچکا ہے، اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج
ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمیں جن مسائل پر اکٹھا ہونا چاہئیے وہاں پر اختلافات
کا شکار ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے دل پر
ہاتھ رکھیں اور سوال کریں کہ ہم پاکستان کو کس سمت لے کے جارہے ہیں۔ انہوں
نے کہاکہ پاکستان اس لئے حاصل نہیں کیا گیا تھا کہ یہاں بیگناہ لوگوں کا
خون بہایا جائے اور ایک دوسرے کے بیدردی سے گلے کاٹے جائیں، اغیار کے سامنے
جھک جائیں اور اپنوں کا خون بہائیں۔ ملک آج جن سنگین مشکلات اور چیلنجز
میں گھرا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہمیں متحد ہوکر ملک کو مسائل کے گرداب
سے نکالنا ہے۔ اگر اب بھی قتل وغارت کا بازار بند نہ کیاگیا تو خدانخواستہ
ہم سب تباہ ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے علمائے کرام و مشائخ عظام اور دینی
مدارس کے طلبا وطالبات سے اپیل کی کہ خدارا ملک کو بچالیں ورنہ تاریخ ہمیں
کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ 1971میں قائدؒ کا پاکستان دو لخت
ہوا اور اس المیہ سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف سے
پیپلزپارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن اور ملتان سے ممبر صوبائی اسمبلی احمد
حسین دیہڑ نے ملاقات کی اور میاں محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد
کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نشاط کالونی میں
پارک کے افتتاح پر خطاب میںشہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں عوام کو
تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے لئے خوبصورت پارکوں کی تعمیر پر خطیر وسائل
خرچ کئے جارہے ہیں۔ خواتین کے لئے علیحدہ" لیڈیز پارک" بنائے جارہے ہیں
جبکہ پارکوں میں بچوں کے کھیلنے کے لئے بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
پارکوں کی تعمیر ہو، میٹروبس ہو، لیپ ٹاپ کی تقسیم یا اجالاپروگرام ہو یا
کوئی اور ترقیاتی منصوبہ تمام پروگرام شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی
مثال آپ ہیں۔کوئی مائی کا لال ان پروگراموں میں کرپشن، دھونس، سفارش کی
مثال پیش نہیں کرسکتا۔ لشکری رئیسانی کی قیادت میں ملنے والے بلوچ رہنماﺅں
کے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن اور
بلوچ بھائیوں کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جانے
چاہئیں۔ انسانی حقوق کی پاسداری اور صورتحال بہتر بنانا بلوچستان کی اولین
ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام کے زخموں پر فوری مرہم رکھنا ضروری ہے۔ اللہ
تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا تو وقت ضائع کئے بغیر بلوچستان کے
مسائل حل کریں گے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے
طالب علموں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے میں 160فیصد اضافہ کردیا ہے۔ نواب حاجی
لشکری رئیسانی اور دیگر بلوچ رہنماﺅں کی شمولیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن)
مزید مضبوط ہوگی۔ این این آئی کے مطابق فیصل آباد ق لیگ کے رکن اسمبلی
شمشیر حیدر وٹو نے شہبازشریف سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔
0 comments:
Post a Comment