Wednesday 6 March 2013

وینز ویلا شاویز کی موت پر صف ماتم‘ لاکھوں لوگ تابوت کی جھلک دیکھنے سڑکوں پر آ گئے‘ زہر دیا گیا امریکہ ذمہ دار ہے‘ نائب صدر‘ روسی سیاستدان

کراکس + واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں) لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز کی آخری رسومات کل جمعہ کو ادا کی جائیں گی جبکہ ملک میں 30 روز میں نئے صدارتی انتخابات کرائے جائےں گے۔ غریب نواز ہیوگو شاویز 2011ءکے وسط سے کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا تھے۔ وینزویلا کے نائب صدر نکولس ماڈورو نے بدھ کو علی الصبح وزرا کے ساتھ براہ راست نشری تقریر میں ہیوگو شاویز کی موت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی گہرے صدمے کا لمحہ ہے۔ ان کی موت کا ذمہ دار امریکہ ہے، شاویز کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زہر دیا گیا، ہم تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پ±رامن رہیں۔ یہ الفاظ کہتے ان کی آواز بھرا گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شاویز کے منصوبے جاری رہیں گے اور ان کے پرچم کو وقار کے ساتھ بلند رکھا جائے گا۔ ہیوگو شاویز کی موت کی اطلاع ملتے ہی لوگ دارالحکومت کراکس اور دوسرے شہروں میں روتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ وہ ”شاویز زندہ باد“ کے نعرے لگا رہے تھے اور کہہ رہے تھے ہم شاویز ہیں۔ شاویز نے اپنے دور اقتدار میں غریب نواز معاشی پالیسیاں اپنائی تھیں جس کی وجہ سے کاروباری طبقہ اور سرمایہ دار انہیں اپنا مخالف سمجھتے تھے۔ وہ کرشماتی شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ایک مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں سابق امریکی صدر کو بدبودار شخص کہنے سے بھی گریز نہیں کیا تھا۔ وہ اسرائیل کی فلسطین کش پالیسیوں کے بھی شدید نقاد تھے اور انہوں نے فلسطینی نصب العین کی ہر پلیٹ فارم پر حمایت کی۔ ان کی موت سے امریکہ کی چیرہ دستیوں کے خلاف بولنے والی ایک توانا آواز خاموش ہو گئی ہے۔ عالمی رہنماﺅں نے شاویز کی موت پر تعزیتی بیانات جاری کئے ہیں۔ ادھر امریکی صدر اوباما نے وینز ویلا کے صدر ہیوگو شاویز کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں امریکہ وینزویلا کے عوام کے ساتھ ہے۔ تاریخ کے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے اور مستقبل میں وینزویلا کےساتھ تعمیری تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صدر شاویز کی موت نے انہیں غم زدہ کر دیا ہے۔ روسی صدر پیوٹن نے کہا شاویز غیر معمولی آدمی تھے۔ چین نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔ ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا دنیا ایک دانشور انقلابی رہنما سے محروم ہو ئی۔ بان کی مون نے بھی تعزیت کی۔ ادھر اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ کیوبا، ارجنٹائن نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وینزویلا میں فوج اور پولیس کو چوکس رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے، 7 روزہ سوگ منایا جائے گا۔ ایران میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ روس کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ گیناڈی زوگانف نے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر ہیوگوشاویز کی موت امریکہ کی سازش ہو سکتی ہے۔ صدر ہیوگو شاویز کی موت پر وینزویلا میں صف ماتم بچھ گئی۔ تابوت کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لاکھوں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ ہیوگو شاویز کی میت کو جب ملٹری سکول منتقل کیا گیا تو لاکھوں شہری سڑکوں پر موجود تھے۔

0 comments:

Post a Comment