Saturday 11 May 2013


پشاور اور مردان میں پولنگ اسٹیشنز کے قریب دھماکوں کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہو گئے، کئی مقامات پر بم ناکارہ بنا دیئے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق  پشاور کے علاقے خزانہ میں پولنگ اسٹیشن کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار، 3 بچوں اور سیاسی کارکنوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مردان میں تخت بھائی کے علاقے ٹکر میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، مردان کے ہی علاقے چراغ دین کلے میں3 بم ناکارہ بنا دیئے گئے جو پولنگ اسٹیشن کے قریب، آزاد امیدوار اور جے یو آئی کے دفاتر کے ساتھ نصب کئے گئے تھے، جبکہ پشاور میں شیخ محمدی اور جمرود خيبرایجنسی  سرکاری اسکول کے قریب دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دوسری جانب مہمند ایجنسی میں خویزئی پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش کرنے والا شخص سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارا گیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص امن کمیٹی کا رضاکار تھا۔
دوسری جانب چارسدہ میں شبقدر کے علاقے کتوزئی میں اے این پی کے دفتر کے باہر دھماکے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، ہنگو کے علاقے علی آباد میں گندگی کے ڈھیر میں رکھا گیا بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا، ایف آر پشاور کے علاقے شیرسمند کے پولنگ اسٹیشن میں دو بم ناکارہ بنا دیئے گئے، صوابی میں ٹھنڈا کھوئی میں پولنگ اسٹیشن کے قریب بم ناکارہ بنا دیا گیا۔

0 comments:

Post a Comment