Friday, 3 May 2013

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور بحریہ ٹاؤن نے آج مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے ذریعے پی ٹی سی ایل بحریہ انکلیو، اسلام آباد میں انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) سروسز اور انفرا اسٹرکچر فراہم کرے گا۔
معاہدہ بحریہ انکلیو کے رہائشیوں کو پی ٹی سی ایل کی بہترین ٹیلی کام سروسز پیش کرے گا جن میں وائس ٹیلی فونی، براڈبینڈ انٹرنیٹ اور اسمارٹ ٹی وی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تیز اور قابل بھروسہ ترین ایوو وائرلیس براڈبینڈ انٹرنیٹ سروسز بھی شامل ہیں۔
معاہدے پر چیف ٹیکنیکل آفیسر پی ٹی سی ایل طارق سلمان اور بحریہ ٹاؤن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل (ر) شوکت سلطان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ولید ارشائید، صدر اور سی ای او پی ٹی سی ایل اور ملک ریاض حسین، سابق چیئرمین بحریہ ٹاؤن، ڈاکٹر ریاض عنایت، پی ٹی سی ایل ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ (ای وی پی) نیٹ ورک ڈپلائمنٹ؛ کموڈور (ر) محمد الیاس اور پی ٹی سی ایل اور بحریہ ٹاؤن کے دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔
دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف ٹیکنیکل آفیسر طارق سلمان نے کہا کہ “ہمیں بحریہ ٹاؤن کے ساتھ شراکت قائم کرنے پر خوشی ہے اور ہماری نظریں اسے باہمی اشتراک سے ایک فائدہ مند معاہدہ بنانے پر ہیں۔ پی ٹی سی ایل نے پاکستان کی ترقی اور معیشت کے لیے عالمی معیار کا ٹیلی کام ڈھانچہ کھڑا کرنے کی کوششیں کی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ہمارا ہدف اپنے جدید آئی سی ٹی سلوشنز سے معاشرے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا موقع دینا اور صارفین کو بہترین سروسز فراہم کرنا ہے۔”
ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحریہ ٹاؤن میجر جنرل (ر) شوکت سلطان نے اس موقع پر کہا کہ “بحریہ ٹاؤن کے لیے پی ٹی سی ایل کے ساتھ معاہدہ کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے، جو ملک کا سب سے بڑا اور معروف ٹیلی کمیونی کیشن سروسز فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ ہم آئی سی ٹی کے شعبے میں بہتری کی ضروریات کو سمجھتے ہیں، اور اسی وجہ سے اب تک پی ٹی سی ایل نے جو چھ فائبر آپٹک نیٹ ورکس بنائے ہیں،ان میں سے دو بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے لیے ہوں گے۔ ہم اسی جذبے کے ساتھ مستقبل کے منصوبوں کے لیے بھی آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔”
پی ٹی سی ایل جی پی او این (فائبر سے گھر تک) ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، جسے بڑے پیمانے پر فراہمی کے لیے سب سے مضبوط امیدوار تسلیم کیا جاتا ہے۔ بحریہ ٹاؤن پی ٹی سی ایل ایکسچینج بلڈنگ، ایوو بی ٹی ایس ٹاور اور پی ٹی سی ایل کسٹمر سپورٹ سینٹر کے لیے جگہ کی فراہمی کے ساتھ عملے کے لیے داخلی جگہ بھی پیش کرے گا۔ مزید برآں ان تنصیبات کو مستقل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
یہ پاکستان میں برق رفتار نیٹ ورک کے سلسلے میں پی ٹی سی ایل کا چھٹا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے کنٹونمنٹ ایکسچینج کراچی، گلبرگ ایکسچینج لاہور، ایف 11 ایکسچینج اسلام آباد، سینٹارس اور بحریہ ٹاؤن گالف سٹی ایکسچینج میں جدید ترین فائبر آپٹک نیٹ ورک بنایا ہے۔ 

0 comments:

Post a Comment