Saturday 11 May 2013










 اسلام آ باد: پاکستان اور نیپال کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وزارت تجارت کے سینئر افسر نے بتایا کہ پاکستان نے نیپال کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلیے آزاد تجارتی معاہدے کے مسودے کی تیاری شروع کردی ہے اور اس مسودے کو حتمی شکل دینے کیلیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) سمیت ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت دیگر تاجرتنظیموں سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔
ان سفارشات کا جائزہ لینے کیلیے رواں ماہ کے آخری عشرے کے دوران اعلی سطح کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں نیپال کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد یہ مسودہ نیپال حکومت کو بھجوایا جائے گا جبکہ نیپال کی طرف سے تیار کردہ مسودہ حکومت پاکستان کوبھجوایا جائیگا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مسودوں کا پاک نیپال مشترکہ وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل پاکستان اور نیپال کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات ہوچکے ہیں اور اب مذاکرات کے آئندہ رائونڈ میں مسودے کو حتمی شکل دی جائیگی جس کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

0 comments:

Post a Comment