Wednesday, 1 May 2013

لاہور…بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ لاہور کے اسپتال میں دم توڑ گیا، سربجیت سنگھ کوٹ لکھپت جیل میں ساتھی قیدیوں کے حملے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔۔کوٹ لکھپت تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کو 26 اپریل کی شام ساتھی قیدیوں عامر تانبے والا اور مدثر نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ سربجیت سنگھ کے سر پر چوٹیں آئی تھیں اور اسے فوری طور پر تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں سربجیت کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ سربجیت کے اہل خانہ اور بھارتی سفارتی اہلکاروں نے اسپتال میں اس کی عیادت بھی کی تھی۔ سربجیت کے اہل خانہ اور بھارتی حکومت نے اسے علاج کے لیے بھارت یا کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جو پاکستان نے مسترد کردیا تھا۔ جناح اسپتال کی سیکیورٹی مزید الرٹ کردی گئی ہے اور اسپتال ذرائع کے مطابق صبح لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ سربجیت کی موت کے سلسلے میں اب تک وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال آج وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے اور سربجیت کی لاش بھارت میں اس کے لواحقین کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

0 comments:

Post a Comment