Tuesday 28 May 2013

Hashim...ہاشم

Posted by Unknown on 09:38 with No comments
ہاشم
حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے پَر دادا ’’ ہاشم ‘‘ بڑی شان و شوکت کے مالک تھے۔ ان کا اصلی نام ’’ عمرو ‘‘ تھا۔ انتہائی بہادر، بے حد سخی، اور اعلیٰ درجے کے مہمان نواز تھے۔
ایک سال عرب میں بہت سخت قحط پڑ گیا اور لوگ دانے دانے کو محتاج ہو گئے۔ تو یہ ملکِ شام سے خشک روٹیاں خرید کر حج کے دنوں میں مکہ پہنچے اور روٹیوں کا چورا کر کے اونٹ کے گوشت کے شوربے میں ثرید بنا کر تمام حاجیوں کو خوب پیٹ بھر کر کھلایا۔ اس دن سے لوگ ان کو ’’ ہاشم ‘‘(روٹیوں کا چورا کرنے والا) کہنے لگے۔
(مدارج النبوة ج۲ ص ۸)

چونکہ یہ ’’ عبدمناف ‘‘ کے سب لڑکوں میں بڑے اور باصلاحیت تھے، اس لئے عبد مناف کے بعد کعبہ کے متولی اور سجادہ نشین ہوئے۔ بہت حسین و خوبصورت اور وجیہ تھے۔
جب سن شعور کو پہنچے تو ان کی شادی مدینہ میں قبیلہ خزرج کے ایک سردار عمرو کی صاحبزادی سے ہوئی، جن کا نام ’’ سلمیٰ ‘‘ تھا۔ اور ان کے صاحبزادے ’’ عبد المطلب ‘‘ مدینہ ہی میں پیدا ہوئے۔ چونکہ ہاشم پچیس سال کی عمر پاکر ملک شام کے راستہ میں بمقام ’’ غزہ ‘‘ انتقال کر گئے۔ اس لئے عبدالمطلب مدینہ ہی میں اپنے نانا کے گھر پلے بڑھے، اور جب سات یا آٹھ سال کے ہو گئے تو مکہ آکر اپنے خاندان والوں کے ساتھ رہنے لگے۔

0 comments:

Post a Comment