چین کا طویل ترین انسانی خلائی
مشن بدھ کو مکمل ہوگیا، “Shenzhou-10”اسپیس ایئرکرافٹ اور مشن پر جانے والے
تینوں خلاء باز باحفاظت زمین پر اترگئے ہیں۔
خلائی کیپسول بدھ کی صبح مقامی
وقت کے مطابق 8 بجکر 7 منٹ پر شمالی چینی منگولیائی علاقے پراترا، اس منظر
کو ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھایاگیا۔
کیپسول جوں ہی زمین پر اترا
ماہرین کی بڑی تعداد ان کی جانب لپکی اور کیپسول سے مشن کے تینوں ارکان کو
نکالا، تینوں خلاء باز کی صحت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔
مشن کمانڈر نی ہیشنگ سب سے پہلے کیپسول سے برآمد ہوئے ، ان کے بعد خاتون خلاء باز وینگ یاپنگ اور پھرژینگ ژیاؤ گوانگ نکلے۔
نی ہیشنگ کا کہنا تھا کہ ہم
خوابوں کی دنیا سے حقیقی دنیا میں لوٹ آئے ہیں،ہماری خواہش ہے کہ ہماری
قوم مزید ترقی کرے اورعوام مزید خوش وخرم زندگی گزاریں ۔
15 روزہ مشن خلاء میں اسٹیشن کی
تعمیر کے چینی منصوبے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔ مشن
کے بنیادی مقاصد میں مدار میں چینی خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا جائزہ
لیناشامل تھا۔
گزشتہ ہفتے خاتون خلاء بازنے خلاء
سے لیکچر بھی دیا جسے چین کے ہزاروں بچوں نے براہ راست دیکھا،اس لیکچر
کے دوران فزکس کے بنیادی اصولوں کو عملاً سمجھایاگیا۔
یاد رہے کہ چین نے 2003ء میں پہلا انسانی خلائی مشن روانہ کیا تھا۔

0 comments:
Post a Comment