Friday, 21 June 2013

سام سنگ نے لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں (بنیادی طورپر) ونڈوز 8 پر چلنے والے ٹیبلٹس کی نئی جوڑی کا اعلان کیا ہے۔ نئے ٹیبلٹس، اے ٹی آئی وی کیو اور اے ٹی آئی وی ٹیب 3 سام سنگ کی ونڈوز 8 پر چلنے والی پورٹیبل ڈیوائسز کی حالیہ فہرست میں تازہ اضافہ ہیں۔

اے ٹی آئی وی کیو

اے ٹی آئی وی کیو اس وقت زیادہ اہم اور ہائی-اینڈ ہے۔ اس ڈیوائس کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا بیک وقت اینڈرائیڈ 4.2.2 جیلی بین اور ونڈوز 8 کو ڈوئل بوٹ کرنا ہے یعنی کہ دنیا کے دو ہبترین آپریٹنگ سسٹمز بیک وقت، وہ بھی ونڈوز 8 اور اینڈرائیڈ چلانے والی دیگر ڈیوائسز سے بالکل مختلف، جنہیں دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے درمیان سوئچ کرنے کے لیے ری بوٹ کرنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ ان کے لیے مختلف ہارڈویئر کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔
شروعات کرتے ہیں اس کے ڈسپلے سے، 13.3 انچ ڈسپلے 275 پی پی آئی کی پکسل ڈینسٹی کے ساتھ 3200 ضرب 1800 پکسل کا شاندار ریزولیوشن رکھتا ہے۔ اس کے باوجود یہ محض نصف انچ موٹا اور صرف 1.29 کلوگرام وزنی ہے۔ ڈسپلے کے نیچے ایک قبضہ بھی ہے، جو ایسر ایسپائر آر7 سے کافی ملتا جلتا ہے اور آپ کی ترجیحات کے مطابق گھوم بھی سکتا ہے۔ ڈسپلے کے اوپر ایک ایچ ڈی کیمرہ بھی ہے۔
اس کے اندر انٹیل کور آئی 5 ہیزویل سی پی یو، انٹیل ایچ ڈی گرافکس 4400 اور 2 جی بی ریم ہیں۔ ایس ایس ڈی اسٹوریج 256 جی بی تک ہے، اور یہ ایک یو ایس بی 2.0 اور ایک یو ایس بی 3.0 پورٹ، وائی فائی، مائیکرو ایچ ڈی ایم آئی، کارڈ سلاٹ اور ایتھرنیٹ (بذریعہ ڈونگل) بھی استعمال کرتا ہے۔ ارے ہاں،اس میں ایس پین بھی ہے۔
ان تمام طاقتوں سے لیس ہونے کے باوجود سام سنگ کے مطابق اے ٹی آئی وی کیو 9 گھنٹے تک چل سکتا ہے جس کے بعد اسے ریچارج کی ضرورت ہے، جو طاقتور ڈسپلے اور ہیزویل پروسیسر کو دیکھتے ہوئے بذات خود بڑی کامیابی ہے۔ ٹیبلٹ کا ایک اور شاندار پہلو اس کا اینڈرائیڈ اور ونڈوز دونوں کو ضم کرلینا ہے۔ “سائیڈ سنک” سافٹویئر کی بدولت اینڈرائیڈ ایپس آپ کی ونڈوز8 اسٹارٹ اسکرین میں بھی پن کی جا سکتی ہیں۔ مختلف آپریٹنگ سسٹمز کے درمیان ایسی شیئرنگ پہلے کبھی نہیں سنی گئی۔
اس ٹیبلٹ کی قیمت اور دستیابی کے بارے میں تفصیلات پر فی الحال پردہ پڑا ہوا ہے۔

اے ٹی آئی وی ٹیب 3

samsung big launch 1 سام سنگ نے نئے اے ٹی آئی وی ٹیبلٹس متعارف کروا دیے
اے ٹی آئی وی ٹیب 3 سام سنگ کی جانب سے اعلان کردہ ایک اور ونڈوز 8 ٹیبلٹ ہے۔ یہ اپنی خصوصیات میں مندرجہ بالا ٹیبلٹ کے قریب بھی نہیں پھٹکتا۔
اس میں 1366 ضرب 768 پکسل کے ریزولیوشن کا 10.1 انچ کا ڈسپلے ہے۔ سام سنگ کے مطابق یہ بہت پتلے ڈیزائن کا حامل ہے یعنی صرف 8.22 ملی میٹر موٹائی، جو اسے اب تک کا سب سے پتلا ونڈوز 8 ٹیبلٹ بناتی ہے۔
اس کے اندر انٹیل ایٹم کلوورٹریل پروسیسر، 2 جی بی ریم اور 64 جی بی انٹرنل اسٹوریج ہے، جو معمولی حجم کے باعث کچھ وقت گزر جانے کے بعد آپ کے لیے درد سر بن سکتی ہے۔ کنیکٹیوٹی کے لیے یہ مائیکرو یو ایس بی اور مائیکرو ایچ ڈی ایم آئی پورٹس استعمال کرتا ہے۔
اپنی معروف ٹیکنالوجی کو لاتے ہوئے سام سنگ نے اس ٹیبلٹ میں ایس پین کی خصوصیت بھی شامل کی ہے، جسے سام سنگ کے مطابق پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنایا گیا اور یہ ٹیبلٹ میں پہلے سے موجود ایم ایس آفس سویٹ کے ساتھ مکمل مطابقت رکھتی ہے۔
اے ٹی آئی وی ٹیب 3 اگست سے 599 ڈالرز میں بغیر کی بورڈ کے اور 699 ڈالرز میں کی بورڈ کے ساتھ دستیاب ہوگا۔

0 comments:

Post a Comment