Thursday, 27 June 2013

موبی لنک نے حال ہی میں اپنی برانڈز کی پوری رینج کو ایک واحد برانڈ میں ضم کر دیا ہے۔
جاز، جذبہ اور انڈیگو برانڈز کو موبی لنک کے واحد نام سے پیش کیا گیا ہے جس میں پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ پورٹ فولیوز بدستور موجود رہیں گے اور موبی لنک کی تمام سروسز پورٹ فولیو بھی ویسے ہی برقرار رہیں گی جیسا کہ پہلے تھیں۔
حقیقتاً صارفین کے لیے کوئی چیز نہیں بدلی۔ نرخ نامے، منصوبے، بنڈلز بدستور وہی ہیں۔ البتہ کاغذ پر دیکھا جائے تو موبی لنک آج ایک نئی کمپنی ہے۔ نئے لوگو، نئے نعرے اور فلسفے کے ساتھ موبی لنک اگلی منزلوں کے سفر کے لیے تیار ہے۔
صدر اور سی ای او موبی لنک راشد خان نے کہا کہ
“گزشتہ دو دہائیوں میں موبی لنک کی کامیابی قیادت، جدت، ٹیم ورک اور یقین پر کی بنیاد پر تھی۔ آج ایک ہنگامہ خیز مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم پیچیدگی سے سادگی کا رخ کریں۔
‘ایک’ بننے کا وژن ہماری مارکیٹ رہنما بننے پر مستقل توجہ کا عکاس ہے۔ نئے برانڈ کا اجراء موبی لنک کی کارپوریٹ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے سے وابستگی کا بھی اظہار ہے، چاہے وہ ہمارا کاروبار ہو، صارفین، ملازمین یا وہ آبادیاں جن میں ہم کام کر رہے ہیں۔”

موبی لنک کو ری برانڈ کی ضرورت کیوں پڑی؟

اوریسکوم-ومپل کام معاہدے کے مطابق اوریسکوم کے تمام آپریشنز کو تمام آپریٹنگ مارکیٹوں میں ری برانڈ کرنے کی پابند تھیں۔ بالکل ویسے ہی جیسا کہ اوریسکوم نے 2012ء کے اواخر میں خود کو ری برانڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گلوبل ٹیلی کام ہولڈنگ کا نام اختیار کیا تھا، اس لیے معاہدے کے تحت موبی لنک کو اپنے برانڈز کو نئی شکل دینا تھی۔
جب موبی لنک سے یہ سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہنگامہ خیز مارکیٹ ہے، ہمارے لیے پیچیدگی سے سادگی کو اختیار کرنا ضروری تھا، تاکہ ہم مختلف کے بجائے ایک یقین کے حامل ہوں، قیمت کی جنگ کے بجائے جوش و ولولہ رکھتے ہوں اور نئے صارفین کے حصول کے بجائے موجودہ کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔
موبی لنک نے کہا کہ اسے اپنی قوت مجتمع کرتے ہوئے برانڈز کے ایک ہاؤس سے ایک برانڈڈ ہاؤس میں تبدیل ہونے کی ضرورت تھی۔ “ہم نے یہ کام ایک جامع اور مخصوص ادارہ جاتی منصوبے کے ذریعے کیا جس کا نتیجہ ‘ایک ہونے’ کی صورت میں نکلا۔

جاز، جذبہ اور انڈیگو برانڈز کو کیا ہوگا؟

پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ پورٹ فولیوز برقرار رہیں گے۔ البتہ جاز، جذبہ اور انڈیگو برانڈ کو موبی لنک میں جذب کر لیا گیا ہے، جو ایک فلیگ شپ پلیٹ فارم ہوگا۔ مستقبل کی تمام سروسز اسی فلیگ شپ برانڈنگ کے ذریعے ہوں گی۔
موبی لنک صارفین کے ذہنوں میں کسی بھی تذبذب کو دور کرنے کے لیے چند مقامات پر جاز برانڈ پر دعویٰ رکھے گا البتہ یہ ایک عبوری مرحلہ ہے اور جاز برانڈ مرحلہ وار غائب ہو جائے گا۔

اس میں صارفین کے لیے کیا ہے؟

صارف کی حیثیت سے ہمیں یقین ہے کہ آپ اس عمل کے بعد دستیاب فوائد کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔ ہم نے موبی لنک سے یہی سوال کیا اور موبی لنک کا جواب تھا:
یہ ہمارے صارفین اور ٹیلی کام سیکٹر دونوں کے لیے ایک دلچسپ وقت ہے۔ نئے برانڈ کا اجراء اپنے عہد سے وابستگی کا اعادہ ہے جو ہم نے کاروبار، صارفین، ملازمین یا ان آبادیوں کے لیے کیے جن میں ہم کام کرتے ہیں۔
نئے موبی لنک کی کامیابی ہماری ایک ہونے کی سعی پر ہوگی کیونکہ ہم آگے بڑھیں گے اور ہر دل کو ہر دن چھوئیں گے۔
اگر سادہ الفاظ میں کہیں تو مندرجہ بالا چند سطروں کا مطلب ہے کہ صارفین کے لیے بہت کچھ نہیں ہے۔ جی ہاں، انہیں اپنی کمپنی کی نئی شکل و صورت پر ضرور خوشی ہوگی اور وہ اس احساس کا لطف بھی اٹھائیں گے۔
لیکن ساتھی بلاگر مدثر جہانگیر نے موبی لنک کی ری برانڈنگ پر ایک اسٹوری بنائی۔ ان کا سمجھنا ہے کہ موبی لنک کا نیا لوگو مختلف دیگر مقامی اور بین الاقوامی برانڈز سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔

0 comments:

Post a Comment