Tuesday, 25 June 2013

ہجرت کا پہلا سال

حضور کے اہل و عیال مدینہ میں

حضورِ اقدس صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم جب کہ ابھی حضرت ابو ایوب انصاری رضی ﷲ تعالیٰ عنہ کے مکان ہی میں تشریف فرما تھے آپ نے اپنے غلام حضرت زید بن حارثہ اور حضرت ابو رافع رضی ﷲ تعالیٰ عنہما کو پانچ سو درہم اور دو اونٹ دے کر مکہ بھیجا تا کہ یہ دونوں صاحبان اپنے ساتھ حضور صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے اہل و عیال کو مدینہ لائیں۔ چنانچہ یہ دونوں حضرات جا کر حضور صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیوں حضرت فاطمہ اور حضرت اُمِ کلثوم رضی ﷲ تعالیٰ عنہما اور آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی زوجہ مطہرہ ام المومنین حضرت بی بی سودہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا اور حضرت اسامہ بن زید اور حضرت اُمِ ایمن رضی ﷲ تعالیٰ عنہما کو مدینہ لے آئے۔ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی صاحبزادی حضرت زینب رضی ﷲ تعالیٰ عنہا نہ آسکیں کیونکہ ان کے شوہر حضرت ابو العاص بن الربیع رضی ﷲ تعالیٰ عنہ نے ان کو مکہ میں روک لیا اور حضور صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی ایک صاحبزادی حضرت بی بی رقیہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا اپنے شوہر حضرت عثمان غنی رضی ﷲ تعالیٰ عنہ کے ساتھ ”حبشہ” میں تھیں۔ انہی لوگوں کے ساتھ حضرت ابوبکر صدیق رضی ﷲ تعالیٰ عنہ کے فرزند حضرت عبدﷲ رضی ﷲ تعالیٰ عنہ بھی اپنے سب گھر والوں کو ساتھ لے کر مکہ سے مدینہ آ گئے ان میں حضرت بی بی عائشہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا بھی تھیں یہ سب لوگ مدینہ آ کر پہلے حضرت حارثہ بن نعمان رضی ﷲ تعالیٰ عنہ کے مکان پر ٹھہرے۔
(مدارج النبوة ج۲ ص۷۲)

0 comments:

Post a Comment