چین
میں چار ہفتے قیام کے بعد ہم نے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ وہاں آزادی کی سخت
کمی ہے۔ ہمارے ایک ساتھی جو اپنے ساتھ پان لے گئے تھے، بار بار فرماتے تھے
کہ یہ کیسا ملک ہے جہاں سڑکوں پر تھوک بھی نہیں سکتے۔ زیادہ دن یہاں رہنا
پڑے گا تو زندگی حرام ہو جائے گی۔ ایک اور بزرگ نے فرمایا کہ یہاں کوئی
دیوار ایسی نظر نہیں آئی جس پر لکھا ہو "یہاں پیشاب کرنا منع ہے۔" ایک صاحب
شاکی تھے کہ یہاں خریداری کا لطف نہیں، دکاندار بھاؤ تاؤ نہیں کرتے بلکہ
ہر چیز کی قیمت لکھی ہے۔ بسوں اور کاروں کے اختیارات بھی محدود ہیں۔ آپ
اپنی بس کو فٹ پاتھ پر نہیں چڑھا سکتے، نہ کسی مسافر کے اوپر سے گزار سکتے
ہیں اور تو اور بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے تک کی اجازت نہیں۔
(اقتباس : چلتے ہو تو چین کو چلیے، از ابن انشاء)
(اقتباس : چلتے ہو تو چین کو چلیے، از ابن انشاء)
0 comments:
Post a Comment