پاکستان کے سٹار آف اسپنر سعید اجمل ہرنیا کی تکلیف
میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ انہیں اس تکلیف سے چھٹکارا حاصل
کرنے کے لیے آپریشن کروانا پڑے۔
تاہم سعید اجمل پر امید ہیں کہ وہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی اگلی بین الاقوامی مصروفیت سے پہلے مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔
سعید اجمل لاہور میں جاری ڈومیسٹک ٹی
ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم فیصل آباد وولوز کی جانب سے پیٹ کی تکلیف
کے سبب نہیں کھیل رہے اور آج کل فیصل آباد میں آرام کر رہے ہیں۔
سعید اجمل نے بتایا کہ انہیں کچھ
مہینوں سے پیٹ کے نچلے حصے میں درد تھا اور جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران
یہ تکلیف بڑھ گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹرز کا
کہنا ہے ہو سکتا ہے کہ انہیں ہرنیا ہو لیکن دو روز بعد وہ لاہور پہنچ کر
مزید ٹیسٹ کروائیں گے اور ممکن ہے کہ ان کی سرجری کی جائے۔
سعید اجمل کے مطابق اگر ان کی سرجری ہوتی بھی ہے
تو یہ کوئی بہت بڑا آپریشن نہیں ہو گا اور عام طور پر دو سے تین ہفتے میں
مریض صحت یاب ہو جاتا ہے۔
سعید اجمل کا جلد صحت یاب ہونا پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ وہ کچھ برسوں سے پاکستان کی ٹیم کا جزو لازم ہیں۔
2012 میں سعید اجمل نے پاکستان کی جانب سے کھیلتے
ہوئے چھ ٹیسٹ میچز میں انتالیس وکٹیں حاصل کیں جس کے سبب وہ آئی سی سی کی
ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن پر بھی پہنچے۔
پاکستان کی ٹیم کا اگلا اہم کرکٹ مقابلہ تو جون
میں ہونے والا چمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ہے لیکن اس سے پہلے پاکستان کو
سکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ میں ون ڈے سیریز بھی کھیلنی ہے۔
0 comments:
Post a Comment