Thursday, 2 May 2013

وارد ٹیلی کام نے تعلیم کے فروغ کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور انڈاؤمنٹ فنڈ ٹرسٹ(جی سی یو ای ایف ٹی) سے اشتراک کرتے ہوئے اسے 10 دس لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔
جی سی یو سنڈکیٹ کمیٹی روم میں ہونے والی ایک تقریب میں وارد ٹیلی کام سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن کے سربراہ عامر احمد خان نے جی سی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن کو چیک پیش کیا۔ جی سی یو ای ایف ٹی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر خالد منظور بٹ، ڈائریکٹر فیسلٹیز یوسف بشیر اور وارد کے عہدیداران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حالیہ اقتصادی بحران نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بری طرح متاثر کیا ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ وارد جیسی نامور کمپنیاں آگے بڑھیں اور پاکستان میں معیاری تعلیم کو سہارا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی یونیورسٹیاں اپنے انڈاؤمنٹ فنڈ زکی وجہ سے آگے بڑھی ہیں جو انہوں نےاپنے پرانے طلبہ اور کارپوریٹ سیکٹر کی مدد سے قائم کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کا انڈاؤمنٹ فنڈ اربوں ڈالرز میں ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جی سی یو وہ واحد پبلک سیکٹر یونیورسٹی ہے جس کے پاس فعال انڈاؤمنٹ فنڈ ہے جس کی مدد سے مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جاتے ہیں۔
وارد سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن کے سربراہ عامر احمد خان نے کہا کہ وارد صرف ایک ٹیلی کام کمپنی نہیں بلکہ “لائف کا نیٹ ورک” ہے اور نوجوان اس نیٹ ورک کا سب سے اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اخراجات ہر سال بڑھتے جا رہے ہیں اور معاشرے کے وہ ذہین طلبہ جو اپنا تعلیمی بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ان کی مدد کے لیے اجتماعی کوششیں درکار ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جی سی یو پاکستان میں ایک بین الاقوامی معیار کا ادارہ ہے اور ایسے معروف تعلیمی ادارے کے ہونہار طلبہ کی مدد کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔
انہوں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ جی سی یو انڈاؤمنٹ فنڈ ٹرسٹ کے عظیم مقصد کی حمایت کرتے ہوئے وارد آئندہ بھی مزیدعطیات پیش کرتا رہے گا۔

0 comments:

Post a Comment