Saturday 11 May 2013



ممبئی:  بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتاہدایت کار پنیت ملہوترا کی نئی فلم ’’گوری تیرے پیارمیں ‘‘کے لیے آئٹم سانگ کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔
اس فلم کے آئٹم سانگ کے لیے قبل ازیں اداکارہ نرگس فخری کو کاسٹ کیا گیا تھا مگر اداکارہ نرگس فخری جان ابراہم کی نئی آنیوالی فلم ’’مدارس کیفے‘‘ کو مکمل کرانے میں مصروف رہیں اور پنیت ملہوترا کی فلم کے آئٹم سانگ کے لیے وقت نہ دے سکیں جس پر انھیں آؤٹ کرکے ان کی جگہ ایشا گپتا کو آئٹم سانگ کے لیے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہا ہے کہ وہ ملہوترا کی نئی فلم ’’گوری تیرے پیارمیں ‘‘کے آئٹم کو اپنی پرفارمنس سے یاد گار بنانا چاہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ گیت کی دھوم مچے گی۔اچھا کام کرنے کے مواقع ملتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے۔ شائقین کو پرفارمنس پسند آئے گی ۔ ہمیشہ بھٹ فیملی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رہتی ہے ،مہیش بھٹ کی مہربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی ،فلم ’’جنت ٹو ‘‘اور ’’راز تھری‘‘میں پرفارمنس کے مواقع انھی کی بدولت ملے ان کی شکر گزار ہوں جہاں بھی جاؤں گی انھیں یادرکھتی ہوں اور ہمیشہ اچھے لفظوں میں یاد رکھوں گی۔
آئندہ بھی اچھی فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔ بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہاہے کہ پولیس افسر بن کر بھی پرفارم کر چکی ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ فلم ’’چکراویو‘‘ میں پولیس افسر کے کردار میں بھی پسند کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ فلموں میں بھی ایکشن کردار نبھانا چاہتی ہوں۔ نئی فلم میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں تاہم اب ایسی فلم کرنے کی خواہش ہے جس میں مجھے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہو اور یہ کردار بھی ایکشن ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ زندگی کی یہ بڑی خواہش ہے کہ ایسی فلم میں ایکشن کردار نبھاؤں جو خطرات سے بھری ہو اور اس کے ہر سین میں مجھے نئے خطرے کا سامنا ہو ،جس سے نمٹنے کے لیے میرا ایکشن کردار بھی انتہائی جاندار ہو، اس کام کے لیے میں نے خود کو تیار کرلیا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ فلم ’’جنت ٹو ‘‘اور ’’راز ‘‘تھری میں بھی جاندار پرفارمنس دی تھی۔
واضح رہے کہ 28 نومبر 1985 کو بھارت میں پیدا ہونے والی 27 سالہ بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے 2007 میں مقابلہ حسن میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا اور مس انڈیا قرار پائیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ 2007 کے دوران ہی ماڈلنگ سے کیرئیر کا آغاز کردیا ۔اس عرصہ میں متعدد فیشن شوز میں حصہ لیا اور ریمپ پر واک کرنے کے ساتھ کمرشلز بھی کیں ۔قبل ازیں 2012میں فلم ’’جنت ٹو‘‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ رومانوی کردار نبھایا اس فلم میں ایشا کو لیڈ لیڈی رول میں کاسٹ کیا گیا۔ اداکارہ ایشا گپتا کو فلمساز مکیش بھٹ کی اس فلم کے لیے اہم کردار ملا ،اس فلم کے ہدایتکار کنال دیش مکھ تھے۔
میوزک پریتم کاتھا ،اور شگفتہ رفیق نے اس فلم کی کہانی لکھی تھی۔ایشا کا کردار بھی اس کی شخصیت کے تحت الاٹ کیا گیا ۔جس میں ایشا نے عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ۔اس کے بعد فلم ’’راز تھری ‘‘میں بھی عمران ہاشمی اور ایشا گیتا کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا گیا۔ اداکارہ نے اس ہارر فلم میں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو بے حد متاثر کیا۔ اس فلم کے ہدایتکار وکرم بھٹ تھے ۔جب کہ مہیش بھٹ نے یہ فلم پروڈیوس کی ۔یہ فلم بھی شگفتہ رفیق نے ہی تحریر کی ہے جب کہ اس فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ اداکارہ بپاشا باسو کا کردار بھی اہم رہا۔
اس کے بعد بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے 24 اکتوبر 2012 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار و فلمساز پرکاش جھا کی فلم ’’چکراویو‘‘ میں اہم کردار نبھایا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس فلم کے کردار کو پرفارم کرکے اسے حقیقی خوشی ہوئی ہے کیونکہ ایشا کے مطابق وہ ایسے ہی کردار پرفارم کرنا چاہتی ہیں۔ اس طرز کے کرداروں میں جلوہ گر ہونے کی خواہش رکھنے والی اداکارہ کو مزید فلموں میں اب ایکشن کردار دینے کی بھی آفرز ہورہی ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ کی نئی فلموں میں ایکشن کردار نبھانے کی خواہش نے اب ان کے مزید فلموں میں کام کرنے کے لیے بھی راستے ہموار کردیے ہیں۔ اکثر اداکارائیں خطرناک سین فلمانے سے گھبراتی ہیں اور ان حالات میں ایشا کی جانب سے خطروں کے ساتھ کھیلنے کی خواہش انھیں منفرد بناتی ہے۔
بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا کی اٹھان اچھی ہے اور انھیں کامیاب ہدایتکارو فلمساز جوڑی نصیب ہوئے ہیں جس کے سبب وہ آتے ہی اچھی فلموں میں نمایاں کام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا اداکاری کے فن کو سمجھتی ہیں اورانھیں اپنا کردار نبھانے کا سلیقہ بھی آتا ہے۔ دہلی کے ماحول میں زندگی کے ابتدائی ایام گزارنے والی ایشا گپتا کا اپنا بھی یہی خیال ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کو عمدگی کے ساتھ پیش کرکے اپنا ایک منفرد مقام بنانے میں کامیاب رہیں گی۔

0 comments:

Post a Comment