Saturday 6 July 2013

ہمارے پڑوسیوں نے ایک کُتّا پال رکھا تھا جس کا مسکن ایک رکشا تھا جو وہ رات کو چلاتے تھے. کتا سارا دن تو اپنے مسکن یعنی رکشے میں پڑا اونگھتا رہتا تھا لیکن رات کا اندھیرا ہوتے ہی ایسی آفت مچاتا کہ خدا کی پناہ.کوئی چور یا ایرا غیرا گلی میں سے گزر نہیں سکتا تھا. تاہم،وہ اپنی گلی میں رہنے والوں کو کچھ نہ کہتا تھا. کیونکہ بچہ ہو یا بوڑھا، وہ ہر ایک کو پہچانتا تھا.
اسی محلے میں نوید بھی رہتا تھا جو بڑا بے رحم اور سنگدل تھا. چوری چکاری کرنا اور جانوروں کو ستانا اس کا مشغلہ تھا. کسی بھی جانور خواہ وہ کتا ہو یا بلی، کو پتھر مارنا اپنا فرض سمجھتا تھا. یہ بات سہیل کو بہت ناپسند تھی.وہ نوید کو سمجھاتا کہ یار! ان جانوروں پر ظلم نہ کیا کرو. یہ بے زبان ہیں لیکن نا حق ستانے سے اللہ تعالٰی سے فریاد کرتے ہیں. پھر یہ بات اللہ تعالٰی کو بھی نا پسند ہے کہ ہم اس کی بے زبان مخلوق کو ستائیں لیکن نوید کب ایسی باتوں کا نوٹس لیتا تھا.
ایک دن نوید رات کو گلی میں سے گزر رہا تھا کہ کتے کو دیکھتے ہی حسبِ عادت ایک پتھر اُٹھا کر مار دیا. پھر کیا تھا؟ نوید کو کتے سے جان چھڑانی مشکل ہو گئی.نوید آگے آگے اور کتا مسلسل اس کے پیچھے اس کے گھر تک آیا.نوید کو کتے کی اس حرکت پر بہت غصہ تھا.وہ کئی دنوں تک سوچتا رہا.آخر اس کے ذہن میں ایک ترکیب آئی. اس نے تھوڑا سا گوشت لا کر گلی میں مین ہول کے پاس ڈال دیا پھر جیسے ہی کتا مین ہول کے پاس گوشت کھانے پہنچا، اس نے بڑی پھرتی سے اسے مین ہول میں دھکا دے دیا. شدید سردی کے دن تھے،وہ بے زبان پانے میں گرتے ہی زور زور سے چلانے لگا.اتنے میں ایک دوسرے شخص کا گرز ہوا.اس نے جب آواز سن کر مین ہول میں جھانکا تو عجیب منظر نظر آیا، فوراً اسے پانی سے نکالا اور اپنی گرم چادر میں لپیٹ کر اس کے مسکن یعنی رکشے میں سیٹ کے نیچے بٹھا دیا.
دوستو! جب نوید کتے کو دھکا دے کر تیزی سے بھاگا تو اس کا پیر ایک بڑے پتھر سے ٹکرایا اور وہ گر پڑا. بڑی مشکل سے پڑوسیوں نے اس کو گھر پہنچایا بھر جب اسے ہسپتال لے گئے اور ایکسرے ہوا تو رپورٹ کے مطابق ناقابلِ یقین حد تک اس کی ہڈی دو ٹکڑے ہو چکی تھی.ڈاکٹروں نے اس کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا.
کچھ ماہ بعد جب وہ صحت یاب ہو کر بیساکھی کے سہارے اس گلی سے گزر رہا تھا تو اس کی نظر پھر اس کتے پر پڑی تو اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے. اُدھر جب کتے نے اسے دیکھا تو بھاگتا ہوا آیا اور اس کے قدموں میں لپٹ گیا. وہ پیار سے نوید کے پاؤں چاٹنے لگا، جیسے کہہ رہا ہو کہ “غلطی میری تھی.”
لہٰذا! ہمیں کبھی کسی جانور کو بے حق نہیں ستانا چاہیے. وہ بے زبان ہو کر بھی زبان رکھتے ہیں اور اللہ تعالٰٰی سے فریاد کرتے ہیں. اللہ تعالٰی سب کی سنتا ہے، جیسے نوید کو اس کے کیے کی سزا مل گئی.

0 comments:

Post a Comment