مومن
تو بس وہی ہیں کہ جب (ان کے سامنے) اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان کے دل
دہل جاتے ہیں اور جب انہیں آیات الٰہی پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو وہ ان کے
ایمان کو اور بھی زیادہ کر دیتی ہیں اور وہ (ہر حال میں) اپنے رب ہی پر
بھروسہ رکھتے ہیں،
[٥] سچے مومن کی علامات:۔ اس آیت اور اس سے
اگلی آیت میں مومنوں کی چند علامات ذکر کر کے بتلایا ہے کہ مومن ہونے کا
وہی دعویٰ کر سکتے ہیں جن میں یہ علامات پائی جاتی ہوں، سرفہرست یہ ہے کہ
جب ان کے تنازعات کے درمیان اللہ کا ذکر یا اس کا حکم آ جائے تو ان کے دل
دہل جاتے ہیں اور وہ اس کی نافرمانی سے کانپ اٹھتے ہیں۔ دوسری علامت یہ ہے
کہ جب ان پر اللہ کے احکام بیان کئے جائیں تو وہ بسر و چشم اس کی اطاعت
کرتے ہیں جس سے ان کے ایمان میں مزید اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا
کہ ایمان ایک ہی حالت پر نہیں رہتا بلکہ اللہ کی فرمانبرداری سے اس میں
اضافہ اور اس کی نافرمانی سے اس میں کمی واقع ہوتی رہتی ہے اور تیسری علامت
یہ ہے کہ جس کام کا انہیں حکم دیا جاتا ہے وہ اس کے جملہ اسباب تو اختیار
کرتے ہیں مگر ان کا بھروسہ ان اسباب پر نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ پر ہوتا ہے۔
اپنی پوری کوششوں کے بعد وہ اس کے انجام اور نتیجہ کو اللہ تعالیٰ کے سپرد
کر دیتے ہیں۔
0 comments:
Post a Comment