Tuesday, 5 February 2013




ملک کے معروف سرمایہ کار اور بحریہ ٹائون کے چیف ایگزیکٹیو جناب ریاض ملک صاحب کو 1995 میں دل کی تکلیف ہوئی۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ آپ کے دل کی تین نالیاں بند ہیں۔ چنانچہ آپ کو فوراً اینجو پلاسٹی کرانا پڑے گی۔
ملک ریاض اینجو پلاسٹی کیلئے لندن جانے لگے تو سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ نے انہیں دل کی تقویت کیلئے طبِ نبوی سے ایک نسخہ بتایا۔
جنرل اسلم بیگ کا کہنا تھا انہیں 56 سال کی عمر میں دل کا عارضہ لاحق ہوا۔

یہ اپنے مرض کو خفیہ رکھنا چاہتے تھے کیونکہ اس سے ان کے فوجی کیرئیر پر زد پڑ سکتی تھی۔ چنانچہ انہوں نے جدید علاج کے بجائے طبِ نبوی کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا، انہیں کسی صاحب نے یہ نسخہ بتایا۔ انہوں نے یہ نسخہ استعمال کرنا شروع کر دیا اور حیران کن حد تک صحت مند ہوگئے۔
جنرل اسلم بیگ کا کہنا تھا آپ اینجو پلاسٹی سے پہلے ایک مہینہ تک یہ نسخہ استعمال کریں اور اس کے بعد اپنے ٹیسٹ کرائیں، اگر شفاء ہوگئی تو ٹھیک ورنہ دوسری صورت میں آپ اینجو پلاسٹی کرا لیں۔
ملک ریاض نے جنرل اسلم بیگ سے یہ نسخہ لیا اور اس کا استعمال شروع کردیا۔ ایک مہینے کے بعد یہ لندن کے کرامویل ہسپتال گئے ، وہاں انہوں نے دنیا کے ایک نامور کارڈیالوجسٹ سے رابطہ قائم کیا۔ اس نے ان کے ٹیسٹ کرائے اور ٹیسٹوں کے نتائج دیکھ کر انہیں بتایا آپ کا دل مکمل طور پر ٹھیک ہے۔ آپ کو کسی قسم کے علاج کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک ریاض نے اپنے پرانے ٹیسٹ اس کے سامنے رکھ دیئے، اس نے دونوں ٹیسٹ میچ کئے اور یہ ماننے سے انکار کر دیا کہ یہ دونوں ٹیسٹ ایک ہی شخص کے ہیں بہر حال قصہ مختصر ملک ریاض واپس پاکستان آئے اور انہوں نے اس نسخے کو اپنامعمول بنا لیا۔

یہ 2009ء میں ایک بار پھر کرامویل ہسپتال کے اسی ڈاکٹر کے پاس گئے۔ اس نے ان کے دوبارہ ٹیسٹ، پرانے ٹیسٹ دیکھے اور اس کے بعد یہ بتا کر حیران کر دیا کہ 1995ء سے لے کر 2009ء تک ان کے دل میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں آیا۔ ان کا دل مکمل طور پرصحت مند ہے اور یہ کھائیں، پیئں اور موج اُڑائیں۔

ملک ریاض یہ نسخہ آج بھی استعمال کر رہے ہیں اور اپنے بے شمار دوستوں کو بھی کروا رہے ہیں۔ جنرل اسلم بیگ بھی یہ استعمال کرتے ہیں اور یہ شاید اس نسخہ کی وجہ سے 84 سال کی عمر بھی ناصرف صحت مند اور متحرک زندگی گزار رہے ہیں بلکہ ان کا دل بھی جوانوں کی طرح مضبوط ہے اور یہ آج بھی ٹیلیویژن کے شوز میں کڑک دار آواز میں سوال جواب کرتے ہیں اور اُن کی خواہش ہے پاکستان کم ازکم بھارت پر ایٹم ضرور گرائے۔
یہ نسخہ بہت سادہ ہے، آپ عجوہ کھجور کی گھٹلیاں لے کر پیس لیں اور اس پائوڈر کی آدھی چمچ روز صبح پانی کے ساتھ نگل لیں انشاءاللہ آپ کے دل کے تمام امراض ٹھیک ہوجائینگے ۔
اس نسخہ کے دونوں راوی زندہ بھی ہیں اور صحت مند بھی ہیں، آپ اگر مزید تحقیق کرنا چاہیں تو آپ جنرل مرزا اسلم بیگ اور ملک ریاض حسین سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ میں نے چونکہ یہ نسخہ استعمال نہیں کیا چنانچہ میں اپنا تجزیہ بیان نہیں کر سکتا تاہم اگر آپ تحقیق کے بعد اسے استعمال کرنا چاہیں تو سو بسم اللہ ، اگرآپ کو شفاء نصیب ہو جائے تو آپ جنرل اسلم بیگ ، ملک ریاض اور میرے لئے دعاء فرما دیجئے گا اور اگر شفاء نہ ہو تو ہم تینوں کو معاف کر دیجئے گا کیونکہ اس انفارمیشن کا مقصد نیک ہے۔

0 comments:

Post a Comment