Wednesday, 27 March 2013

اسلام آباد....کاغذات نامزدگی کے لیے 48گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن بڑی جماعتیں ابھی تک امیدواروں کے انتخاب میں تذبذب کا شکار ہیں۔ پارٹی ٹکٹ کے اعلان میں تاخیر سے بڑے سیاستدانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ (ن) لیگ نے کہا ہے کہ امیدوار کاغذات جمع کرادیں، پارٹی ٹکٹ کے اعلان کا انتظار نہ کریں۔ مسلم لیگ (ن) پارلیمانی بورڈ کااجلاس ،مسلم لیگ کے صدر نوازشریف کی قیادت میں 2روز سے جاری ہے،کون کہاں سے الیکشن لڑے گا ، تمام قائدین سر جوڑ کربیٹھے ہیں لیکن ابھی صرف چند اضلاع میں ہی سیٹوں پر امیدواروں کا فیصلہ ہوپایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملتان ،بہاولپور میں معاملات تقریباً طے ہوچکے ہیں ۔جبکہ ڈی جی خان میں کسی بھی نشست کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوسکا ، فیصلہ نہ ہونے کی وجہ اہم سیاسی شخصیات کی (ن) لیگ میں متوقع شمولیت کہا جارہاہے۔ جن اضلا ع میں امیدواروں کے حتمی کرنے میں تاخیر ہے اس کی وجہ وہاں سیاسی شخصیات کا اپنے گروپ کے امیدواروں کے لئے زیادہ سے زیادہ نشستوں کی کوشش ہے۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع شیخوپورہ ،سیالکوٹ ، ساہیوال گوجرانوالہ اور حافظ آباد شامل ہیں۔ابھی لاہور کی نشستوں پر نوازشریف این اے 120، حمزہ شہبازاین اے 119اور شہبازشریف این اے 123 سے امیدوار ہوں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے میں پنجاب اور اسلام آباد سے پارٹی ٹکٹوں کے امیدواروں کو فوری کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔پارلیمانی بورڈ آج بھی مشاور ت جاری رکھے گا جبکہ (ن) لیگ کے ذرائع کا کہناہے کہ آج شام تک نام فائنل ہوجائیں گے۔

0 comments:

Post a Comment