Tuesday 26 March 2013

غاروں میں رہنے والوں زندگیوں پر مبنی مزاحیہ فلم ’دا کروڈ‎ز‘ نے اپنی حریف فلم کو گذشتہ ہفتے پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ شمالی امریکہ کے باکس آفس میں سر فہرست آ گئی ہے۔
اس اینیمیٹڈ فلم کو ڈریم ورکس نے بنایا ہے۔
ایک سٹوڈیو کے اندازے کے مطابق اس فلم نے امریکہ اور کیینڈا میں اپنے پہلے ہی ہفتے میں چار کروڑ 47 لاکھ ڈالر بٹور لیے ہیں۔
اس کے علاوہ ایکشن فلم ’اولمپس ہیز فالن‘ نے بھی بہتر آغاز کیا ہے اور اس نے پہلے ہفتے کے خاتمے پر تین کروڑ پانچ لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔
اس فلم میں جیرارڈ بٹلر اور مورگن فری مین نے اہم کردار نبھائے ہیں اس میں شمالی کوریا کے دہشت گردوں کو وائٹ ہاؤس پر حملہ کرتے دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ’دا کروڈز‘ کا آغاز آٹھ سال قبل ہوا تھا اور اس کے بنانے میں برطانوی اینیمیٹر آرمڈ مین بھی شامل ہیں۔
فلم کا مسودہ مونٹی پائیتھن کے جان کلیز نے لکھا ہے۔ پہلے اس کا نام ’کروڈ اویکننگ‘ تھا لیکن جب آرمڈ مین کا امریکی سٹوڈیو کے ساتھ پانچ فلم کا معاہدہ دو فلموں کے بعد ہی ختم ہو گیا تو اسے ڈریم ورکس نے لے لیا۔
اس فلم میں نکولس کیج اور ایما سٹون کی آوازیں ہیں اور کہانی ما قبل تاریخ کے ایک خاندان کی ہے جنھیں اپنا غار چھوڑنے کے بعد عجیب چیزوں، مخلوقوں اور خطروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ڈزنی کی فنتاسی فلم اوز ’دا گریٹ اینڈ پاورفل‘ دو ہفتوں تک چارٹ پر سرفہرست رہنے کے بعد اب تیسرے نمبر پر ہے۔
’اولمپس ہیز فالن‘ نے بعض فلمی ناقدین کی امیدوں سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس کی ریلیز ’وائٹ ہاؤس ڈاؤن‘ سے قبل ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ فلم اسی سال بعد میں ریلیز ہونے والی ہے اور تقریباً انہی خطوط پر بنائی گئي ہے۔
ہیلی بیری کی اداکاری والی فلم ’دا کال‘ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس میں ہیلی بیری نے ایمرجنسی فون سروس آپریٹر کا کردار نبھایا ہے جو ایک مغوی دوشیزہ کو بچانے کی کوشش کرتی ہیں۔
اس فلم نے 87 لاکھ کی کمائی کی ہے اور اس نے تازہ ریلیز ہونے والی مزاحیہ فلم ’ایڈمیشن‘ سے بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ’ایڈمیشن‘ نے 64 لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔ اس فلم میں ٹینا فے اور پال رڈ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

0 comments:

Post a Comment