Sunday, 17 March 2013

گاجر ، چقندر اور سیب کے جوس کے فوائد
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 

جدید دور نے جہاں ہمیں بہت سی آسائیشیں مہیا کی ہیں، وہیں ہم سے قدرتی مشروبات بھی چھین لیے ہیں۔ پیپسی، سیون اپ، سپرائٹ جیسے فضول اور مضر صحت مشروبات کے چکر میں ایسے پڑے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی ایسی نعمتوں کا خیال ہی نہیں‌ آتا جو کہ نا صرف صحت کے لیے فائدہ مند ہیں، بلکہ ان کے صحت پر مضر اثرات بھی نہیں‌ہیں۔

اللہ کی نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت گاجر ، چقندر اور سیب کا جوس ہے۔گاجر دنیا کے مختلف علاقوں میں مختلف رنگوں میں پائی جاتی ہے اور کہا یہ جاتا ہے کہ جسکا رنگ جتنا زیادہ ڈارک ہو گا، وہی گاجر زیادہ مفید ہو گی۔
 (واللہ اعلم )

فوائد
گاجر کے جوس میں بہت زیادہ مقدار میں وٹامن اے پایا جاتا ہے، جو کہ آنکھوں، جگر ، جلد ، ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بہت ہی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن سی، بی ، ای ،‌ڈی ، پروٹینز، پوٹاشیم، کیلشیم ، آئرن، کاپر اور بہت سے دوسرے ضروری اجزاء پائے جاتے ہیں جن میں ہر ایک کے اپنے اپنے فوائد ہیں۔
گاجر کا جوس بناتے وقت اگر اس میں تھوڑا سا چقندر اور سیب شامل کر لیا جائے تو اسکے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔ جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:
1۔ 
جسم میں اگر کینسر ہو جائے تو اس جوس کا استعمال کینسر سے متاثرہ خلیوں کی پرورش کو روکتا ہے۔ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کینسر کے مریض اگر اس جوس کو مسلسل استعمال کریں تو یہ بیماری مکمل طور پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔
2۔ 
جگر ، گردوں اور لبلبہ کی حفاظت کرتا ہے اور السر کی بیماری میں بھی بہت مفید ہے۔
3۔ 
پھیپھڑوں کو قوت بخشتا ہے اور بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
4۔ 
قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔
5۔ 
آنکھوں اور بینائی کے لیے تو بہت ہی مفید ہے۔ یہ آنکھوں کو روشنی اور قوت بخشتا ہے اور بینائی تیز کرتا ہے۔
6۔ 
پٹھوں کے کھچاؤ کو دور کرتا ہے۔
7۔ 
قبض نہیں ہونے دیتا۔
8۔ 
بدہضمی کی وجہ سے سینے میں پیدا ہونے والی جلن کو دور کرتا ہے۔
9۔ 
جلد کے لیے بہت مفید ہے۔ جلد کی رنگت کو نکھارتا ہے۔
10۔ 
جگر کی صفائی میں بہت ہی اہم کردار ادا کرتا ہے اور جسم سے فضول چکنائ کو نکلنے میں مدد دیتا ہے۔
جوس بنانے کا طریقہ
گاجر کا جوس بنانے کے لیے گاجر کو اچھی طرح ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور اگر ممکن ہو تو کسی نرم برش سے دھونے کے ساتھ ساتھ اسے صاف بھی کر لیں۔ اکثر ہم گاجر کو چھیل لیتے ہیں تاکہ مٹی اتر جائے، کوشش کریں کہ اسے چھیلے بغیر ہی استعمال کریں کیونکہ زیادہ تر وٹامن اوپر والی تہہ میں ہوتے ہیں۔ یہی کام چقندر اور سیب کے ساتھ کریں اور ان تینوں چیزوں کا جوس نکال کر استعمال کریں۔ یہ خیال رکھیں کہ جوس کو فورا استعمال کر لیں ورنہ اس کا ذائقہ تبدیل ہو جاتا ہے اور جوس بھی بے اثر ہو جاتا ہے۔

استعمال
بہتر تو یہی ہے کہ اسے صبح نہار منہ استعمال کریں۔ اگر ممکن ہو تو دن میں دو دفعہ ضرور استعمال کریں۔

0 comments:

Post a Comment