Tuesday, 1 January 2013

              اللہ سے محبت کی فضیلت                       

سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نقل کرتے ہیں:

’’ ایک شخص اپنے بھائی کی ملاقات کے لیے دوسرے گاؤں کی طرف گیا، اللہ تعالیٰ نے اس کی راہ میں ایک فرشتہ کھڑا کردیا۔ جب وہ وہاں پہنچا تو اس فرشتے نے پوچھا: کہاں کے ارادے ہیں؟ وہ بولا: اس گاؤں میں میرا ایک بھائی ہے میں اس کو دیکھنے جارہا ہوں۔ فرشتے نے کہا: اس کا تیرے اوپر کوئی احسان ہے جس کو نبھانے کے لیے تو اس کے پاس جارہا ہے؟ وہ بولا: نہیں، کوئی احسان اس کا مجھ پر نہیں، صرف اللہ کے لیے میں اس کو پیار کرتا ہوں۔ فرشتہ بولا: میں اللہ تعالیٰ کا ایلچی ہوں اور اللہ تجھ کو بھی پیار کرتا ہے جیسے تو اس کی وجہ سے اپنے بھائی سے محبت رکھتا ہے۔ ‘‘

اس حدیث میں اللہ کی وجہ سے کسی کو پیار کرنے کی فضیلت واضح ہوتی ہے، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ اس کام کی وجہ سے محبت کرنے والے انسان کو اللہ تعالیٰ
محبوب رکھتے ہیں۔

نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم نے
یہ بھی فرمایا کہ:

’’ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن فرمائے گا: کہاں ہیں وہ لوگ جو میری بزرگی اور اطاعت کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے؟ میں انہیں آج اپنا سایہ نصیب کروں گا کہ آج کے دن سوائے میرے سائے کے کسی کا سایہ نہیں۔ ‘‘
مزید فرمایا:

’’ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: میری محبت ان کے لیے لازم کی گئی ہے جو میری وجہ سے آپس میں محبت کرتے ہیں اور میرا پیار، میری وجہ سے آپس میں صلہ رحمی کرنے والوں کے لیے ثابت کیا گیا ہے، میرے لیے ایک دوسرے کی خیر خواہی کرنے والوں کے لیے میری الفت ثابت کی گئی ہے اور میری وجہ سے ایک دوسرے کی زیارت کرنے والوں کے لیے میری محبت ثابت کی گئی ہے۔ میری محبت، میری خوشنودی کے لیے خرچ کرنے والوں کے لیے ثابت کی گئی ہے۔ میری وجہ سے ایک دوسرے سے محبت و پیار کرنے والے نور کے منبروں پر ہوں گے، ان کے اس مقام کی وجہ سے انبیاء اور صدیقین اور شہداء ان پر رشک کریں گے۔ ‘‘
(مسلم)

0 comments:

Post a Comment