پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرا ون ڈے جیت لیا
سنچورین…
محمد
عرفان کی تباہ کن بولنگ اور مصباح الحق کی قائدانہ اننگز کی بدولت پاکستان
نے جنوبی افریقا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔
سنچورین میں پاکستان کی فتح کے ساتھ پانچ میچز کی سیریز ایک۔ ایک سے برابر
ہوگئی ہے۔ سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک پر جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈی
ولیئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی پیسر محمد عرفان نے
جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے میزبان کپتان کے خوابوں کو
چکنا چور کردیا۔ عرفان کے تباہ کن اسپیل کی بدولت ساؤتھ افریقا کی آدھی ٹیم
62 کے ا سکور پر پویلین لوٹ گئی۔ فرحان بہارالدین اور روبن پیٹرسن نے کچھ
مزاحمت کرکے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ فرحان اٹھاون اور پیٹرسن چوالیس
رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بارش کی وجہ سے کھیل کو چوالیس اوورز فی اننگز تک
محدود کردیا گیا تھا لیکن پروٹیز پھر بھی پورے اوورز نہ کھیل سکے اور پوری
ٹیم چار گیندوں قبل ایک سو اکیانوے رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عرفان نے چار
جبکہ جنید خان ، سعید اجمل اور محمدحفیظ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ
کیا۔جوا ب میں پاکستانی ٹیم 69 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی، ناصر
جمشید دس، محمد حفیظ اکتیس اور کامران اکمل اٹھارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے،
ایسے میں کپتان مصباح الحق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور یونس خان کے ساتھ
چوتھی اننگز کیلئے 62 رنزجوڑے ، یونس خان بتیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن اس
کے بعد پروٹیز مزید کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے، یوں مصباح اور شعیب ملک نے
پاکستان کو ستائیس گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرادیا۔ مصباح الحق ستاون
اور شعیب ملک پینتیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان اور
جنوبی افریقا کے درمیان سیریز ایک۔ ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا
ون ڈے میچ اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
0 comments:
Post a Comment