Monday, 1 April 2013

امریکہ کے پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس نے کمپیوٹر مصنوعات بنانے والی کمپنی ایپل کو اس کے ٹیبلٹ کمپیوٹر ’آئی پیڈ منی‘ کے لیے ٹریڈ مارک دینے سے انکار کر دیا ہے۔
پیٹنٹ آفس کا کہنا ہے کہ درخواست مسترد کیے جانے کی وجہ یہ ہے کہ یہ نام صرف بیانیہ ہے اور کوئی خاص یا الگ مطلب نہیں رکھتا۔
تاہم ایپل کے پاس پیٹنٹ آفس کو یہ یقین دلانے کے لیے جولائی تک کا وقت ہے کہ اس کے یہ چھوٹے ٹیبلٹ کمپیوٹر ’آئی پیڈ‘ سے مختلف ہیں۔
ایپل اپنی حریف کمپنیوں کے ساتھ پیٹنٹ کے معاملات پر کئی تنازعات میں ملوث ہو چکا ہے۔
گزشتہ برس اس نے کوریا کی کمپنی سام سنگ کے خلاف اسی سلسلے میں ایک اہم مقدمہ جیتا تھا جبکہ رواں ماہ امریکہ میں ایک جج نے اس مقدمے میں ایپل کو ملنے والا ایک ارب ڈالر ہرجانے کی رقم میں چالیس فیصد کٹوتی کرنے کا حکم دیا تھا۔
پیٹنٹ آفس نے یہ درخواست جنوری میں رد کی تھی لیکن یہ بات ابھی سامنے آئی ہے۔
درخواست رد کرتے ہوئے پیٹنٹ آفس نے کہا ہے کہ ’نہ تو انفرادی طور پر اور نہ ہی مجموعی طور پر آئی پیڈ منی کے الفاظ ہاتھ میں سما جانے والی چھوٹے موبائل آلات کے حوالے سے کوئی انوکھا یا خاص مطلب دیتے ہیں۔‘
ایپل کے مطابق اس نے جنوری سے مارچ دو ہزار تیرہ کے دوران دو کروڑ انتیس لاکھ آئی پیڈ اور آئی پیڈ منی فروخت کیے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

0 comments:

Post a Comment