Saturday, 20 April 2013

ابھرتے ہوئے نوجوان تیز باؤلرز کے لیے ‘یوفون-پی سی بی کنگ آف اسپیڈ’ ٹرائلز کے پہلے مرحلے کا اختتام لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا۔
پہلے مرحلے کے ٹرائلز یوفون اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ پاکستان میں باؤلنگ کے باصلاحیت ترین نوجوانوں کو تلاش کیا جائے اور ان کی تربیت کی جا سکے۔
یوفون-پی سی بی “کنگ آف اسپیڈ” نے لاہور میں زبردست جوش و خروش پیدا کیا اور ٹرائلز میں ڈھائی ہزر سے زائد نوجوان تیز باؤلرز نے شرکت کی جن میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد عدنان غنی اور شبیر احمد منتخب قرار پائے، جن کی باؤلنگ کی بہترین رفتار 131 اور 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ عدنان غنی قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ پی سی بی کے تعاون سے یوفون کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم ملک میں تمام سطحوں کے باصلاحیت افراد تک پہنچا ہے۔
ٹرائلز یوفون اور پی سی بی کے آفیشلز نے کنڈکٹ کیے جن میں عبد القادر اور منظور الٰہی اور دو تجزیہ کار ساجد ہاشمی اور فیصل رائے شامل تھے۔
پہلے مرحلے کے ٹرائلز ملتان، گڑھی خدا بخش، اسلام آباد، کراچی، پشاور، فیصل آباد، میرپور آزاد کشمیر، کوئٹہ اور ایبٹ آباد میں پہلے ہی منعقد ہو چکے ہیں۔
ہر شہر سے دو باؤلرز کے ساتھ کل 18 باؤلرز کو اب تک دوسرے مرحلے کے لیے منتخب کیا جا چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں انتخاب کے بعد 21 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم، کراچی اور قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں طے شدہ دوسرے مرحلے کے ٹرائلز کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
دونوں راؤنڈز کی تکمیل کے بعد تین باؤلرز کو (وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے) منتخب کیا جائے گا اور وہ کراچی میں پی سی بی-یوفون فاسٹ باؤلرز کیمپ میں شرکت کریں گے جو وسیم اکرم کنڈکٹ کریں گے۔
یوفون نے سب سے زیادہ رفتار سے گیند پھینکنے والے یا 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو عبور کرنے والے باؤلر کے لیے دس لاکھ روپے کے گرینڈ پرائز کا اعلان کر رکھا ہے۔ 

0 comments:

Post a Comment