کراچی…
16مئی پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں ایک سنہری باب تحریر کرگئی۔ ڈھلتی
شام جیو فیملی کے ایک نئے اینٹرٹینمنٹ چینل ”جیو کہانی“ کے اضافے سے مزید
سنہری ہوگئی۔ چینل کی شروعات میں یکے بعد دیگرے مختلف ممالک کے پروگرامو ں
نے ناظرین کو پلک جھپکنے کی مہلت بھی نہ دی اور ناظرین اسکرین کے آگے جم سے
گئے۔ اس چینل پر پاکستانی معاشرے کے دو خوبصورت پروگرام کے ساتھ بھارت اور
ترکی کے مشہور سوپ بھی دکھائے گئے۔ چینل کی نشریات کا آغاز بھارتی سوپ
”سسرال سِمر کا “ سے ہوا۔ ”سسرال سِمرکا“دو بہنوں کی محبت کی کہانی ہے
جنہیں قسمت ایک ہی سسرال میں لے آئی ہے۔ یہ ایک چھوٹے سے قصبے کی کم سن
لڑکی سِمر کے سفر کی داستان ہے جس کی پرورش میں اقدار کو خاص اہمیت دی گئی
ہے۔دونوں بہنوں کاایک سسرال میں ہونامستقبل میں بہت سے مزیدار واقعات تخلیق
کرے گا جس سے ناظرین یقیناً محظوظ ہوں گے۔ محبت کی ایک منفرد کہانی ”کیوں
ہے تو“ کے عنوان سے پیش کی گئی۔ آمنہ خالد کی اس تحریر کو سید احمد کامران
نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اقبال انصاری پراجیکٹ ہیڈ ہیں۔اس ڈرامے میں ناظرین
میکال ذوالفقار، حنا بیات، سوہائے علی ابڑو، بشریٰ انصاری ،نیلم منیر اور
فارس شفیع و دیگر کی پرفارمنس سے محظوظ ہوں گے۔شریکِ حیات دکھ سکھ کے ساتھی
ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات سفر کی ابتداء میں ہی ہمسفر بچھڑ جاتے ہیں لیکن
زندگی کو آگے بڑھنے سے کون روک سکا ہے۔زندگی کے سفر کو سہل بنانے اور بچوں
کوماں اور باپ دونوں کا پیار دینے کیلئے بعض اوقات بہت سے لوگ ایک بار پھر
شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں۔ اس حساس موضوع کو بھارتی سوپ ”دوسری
شادی“میں خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔پاکستان ہو یا بھارت ازدواجی زندگی کے
مسائل دونوں طرف تقریباً ایک ہی جیسے ہیں۔ پاکستانی معاشرے کی ایک تصویر
”آس “ کے عنوان سے پیش کی گئی۔ اس ڈرامہ سیریل میں امیر گھرانے کی عورت
اورمتوسط طبقے کے مرد کی شادی کے مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس سیریل میں
سینئر اداکاروں صبا حمید اور وسیم عباس کے ساتھ باصلاحیت نوجوان اداکار
سمیع خان، بنیتا ڈیوڈ،کرن حق وغیرہ شامل ہیں۔نشریات کے اختتام پر ترکی
کامشہور و معروف سوپ ”میرا سلطان “ دکھایا گیا لیکن پیشکش کے اعلیٰ معیار
اورمنفرد تاریخی موضوع نے اسے تمام پروگراموں میں سرِ فہرست کردیا۔سلطان
سلیمان کے حوالے سے پیش کئے گئے اس سوپ میں سلطان کی بیگمات کاایک دوسرے سے
روایتی حاسدانہ رویہ،محلاتی سازشیں اورخاندان کے مختلف کرداروں کے ایک
دوسرے سے تعلقات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ایک کنیز حوریم کا سلطان کی توجہ
حاصل کر کے سلطان کی بیوی بن جانا سلطان کی پہلی بیوی ماہی دیورن سے برداشت
نہ ہوسکا اور حسد اور سازشوں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سلطان
کی زندگی میں شامل ان دونوں اہم خواتین کے سبب کہانی میں کہیں رومانس عروج
پر نظر آئے گا تو کبھی حسد حاوی ہو جائے گا کہیں محبت چھا جائے گی تو کبھی
سازشوں کا وار ہو گا۔ محبت و حسد سے سجی یہ انوکھی داستان بہت دلچسپ ہے
اور پہلی ہی قسط سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
Thursday, 16 May 2013
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
0 comments:
Post a Comment