امیر
المومنین حضرت عمر رضی اﷲ عنہ اپنے خلافت کے زمانہ میں بسا اوقات رات کو
چوکیدارہ کے طور پر شہر کی حفاظت بھی فرمایا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ اسی حالت
میں ایک میدان میں گذر ہوا۔ دیکھا کہ ایک خیمہ بالوں کا بنا ہوا لگا ہوا ہے
جو پہلے وہاں نہیں دیکھا تھا۔ اس کے قریب پہنچے تو دیکھا کہ ایک صاحب وہاں
بیٹھے ہوئے ہیں اور خیمہ سے کچھ کراہنے کی آواز آرہی ہے۔ سلام کر کے ان
صاحب کے پاس بیٹھ گئے اور دریافت کیا کہ تم
کون ہو۔ انہوں نے کہا ایک مسافر ہوں جنگل کا رہنے والا ہوں۔ امیر المومنین
کے سامنے کچھ اپنی ضرروت پیش کر کے مدد چاہنے کے واسطے آیا ہوں۔دریافت
فرمایا کہ یہ خیمہ میں سے آواز کیسی آرہی ہے ۔ ان صاحب نے کہا میاں جائو
اپنا کام کرو۔ آپ نے اصرار فرمایا کہ نہیں بتادو کچھ تکلیف کی آواز ہے۔ ان
صاحب نے کہا کہ میری بیوی کو ولادت کا وقت قریب ہے ،درد زہ ہو رہاہے آپ
رضی اﷲ عنہ نے دریافت فرمایا کہ کوئی دوسری عورت بھی پاس ہے ۔ انہوں نے کہا
کوئی نہیں۔ آپ وہاں سے اٹھے اور مکان تشریف لے گئے اور اپنی بیوی حضرت ام
کلثوم رضی اللہ عنہا سے فرمایا کہے ایک بڑے ثواب کی چیز مقدر سے تمہارے لئے
آئی ہیں۔ انہوں نے پوچھا کیا ہے آپ رضی اﷲ عنہ نے فرمایا ایک گائوں کی
رہنے والی بیچاری تنہا ہے ۔ اس کو درد زہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ارشادفرمایا
ہاں ہاں تمہاری صلاح ہو تو میں تیار ہوں اور کیوں نہ تیار ہوتیں کہ یہ بھی
آخر حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی ہی صاحبزادی تھیں۔ حضرت عمر رضی اﷲ
عنہ نے فرمایا کہ ولادت کے واسطے جن چیزوں کی ضرورت پڑتی ہو۔ تیل گوڈر
وغیرہ لے لو اور ایک ہانڈی اور کچھ گھی اور دانے وغیرہ بھی ساتھ لے لو، وہ
لے کر چلیں۔ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ خود پیچھے پیچھے ہولئے وہاں پہنچ کر حضرت
ام کلثوم رضی اللہ عنہا تو خیمہ میں چلی گئیں اور آپ آگ جلا کر اس ہانڈی
میں دانے ابالے، گھی ڈالا اتنے میں ولادت سے فراغت ہوگئی ۔ اندر سے حضرت ام
کلثوم رضی اللہ عنہ نے آواز دے کر عرض کیا ۔امیر المومنین! اپنے دوست کو
لڑکا پیدا ہونے کی بشارت دیجئے امیر المومنین کالفظ جب ان صاحب کے کان میں
پڑا تو وہ بڑے گھبرائے۔ آپ رضی اﷲ عنہ نے فرمایا گھبرانے کی بات نہیں۔ وہ
ہانڈی خیمہ کے پاس رکھ دی کہ اس عورت کو بھی کچھ کھلا دیں۔ اس کے بعد بانڈی
باہر دے دی۔ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اس بدو سے کہا کہ لوتم بھی کھائو۔ رات
بھر تمہاری جاگنے میں گذر گئی۔ اس کے بعد اہلیہ کو ساتھ لے کر گھر تشریف
لے آئے اور ان صاحب سے فرما دیا کہ کل تمہارے لئے انتظام کر دیا جا ئے گا ۔
Wednesday, 15 May 2013
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
0 comments:
Post a Comment