Saturday 11 May 2013


اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں جعلی ووٹ ڈالناممکن نہیں، جس نے بھی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کی پکڑا جائے گا، ایس ایس سروس کے ذریعے3 کروڑ80لاکھ ووٹرز نے اپنے ووٹ کے اندراج اور پولنگ اسٹیشن کے بارے میں معلوم کیا ہے۔
الیکشن کمیشن، نادرا اور فوج سمیت تمام اداروں نے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی ذمے داری پوری کردی۔ اب عوام گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالیں اور اپنا فریضہ ادا کریں، ووٹ پاکستان کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ جمعے کو یہاں نادرا ہیڈ کوارٹرز میں نادرا میڈیا شکایات سیل کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پوسٹ الیکشن شکایات کو ہینڈل کرنے کے لیے یہ سیل قائم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نادرا نے انتخابی فہرستوں کی تیاری میں ہر ممکن معاونت فراہم کی ہے اور بائیو میٹرک ڈیٹا پر مبنی انتخابی فہرستیں تیار کی ہیں جن میں ووٹر کی تصویر اور فنگر پرنٹس بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خالی کالم میں ووٹر کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا نشان بھی حاصل کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی بیلٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں انگوٹھے کے نشان کو اسکین کرکے شکایت کا جائزہ لیا جائے گا۔12ملین ووٹرز نے پولنگ اسٹیشنز چیک کیے اور اب ایک ایس ایم ایس کے ذریعے دونوں معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے نادرا کے تمام ملازمین کیلیے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر بونس کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نادرا کے تمام ملازمین نے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے دن رات محنت سے کام کیا اور انتخابی فہرستوں کی بروقت تیاری کو یقینی بنایا۔

0 comments:

Post a Comment