Wednesday, 5 June 2013


اسلام آباد … نومنتخب وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر آصف زرداری نے ان سے حلف لیا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ہوئی، تقریب کا آغاز قومی ترانے اور قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔ تیسری بار منتخب ہونے والے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مختلف ممالک کے سفیروں، صدر آصف زرداری کی صاحبزادیوں، میاں نواز شریف کے اہل خانہ، گورنرز اور نگراں وزرائے اعلیٰ، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا، موجودہ اسپیکر ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴ ں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے قبل آج دوپہر قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اوپن ڈویژن کی بنیاد پر پولنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف 244 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے مخدوم امین فہیم کو 42 اور پاکستان تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی کو 31 ووٹ ملے تھے۔ جمعیت علماء اسلام (ف)، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ضیاء اور عوامی نیشنل پارٹی نے میاں نواز شریف کو ووٹ دیا۔

0 comments:

Post a Comment